سادہ اکثریت ملی تو (ن) لیگ کی حکمت عملی کیا ہو گی؟ خواجہ سعد رفیق نے بتا دیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کا کہنا ہے کہ اگر (ن) لیگ کو سادہ اکثریت ملی تووہ زیادہ سے زیادہ سیاسی جماعتوں کو مدعو کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ جس پارٹی نے لیڈ کرنا ہے اسے سادہ اکثریت ملنی چاہیے۔(ن) لیگ کو سادہ اکثریت ملی تو وہ زیادہ سے زیادہ سیاسی جماعتوں کو مدعو کرے گی کہ وہ ملک کا حصہ بنیں، دیگر جماعتوں کو مدعو کریں گے تاکہ مل کر ملک کو آگے لے جا سکیں۔ جس کھائی میں ہمارا ملک گر گیا ہے وہاں سے نکالنا کسی ایک کے بس کی بات نہیں، سب کو مل کر کوشش کرنی ہوگی۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کو بھی ایگزیگٹو کے ساتھ آن بورڈ ہونا چاہیے تاکہ پاکستان میں جو پالیسیاں بنیں ان میں بگاڑ نہ ہو سکے، اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے کہ مشاورت سے ہم پاکستان کو آگے بڑھائیں۔