بنگلادیش نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا
ڈھاکا(ڈیلی پاکستان آن لائن)بنگلا دیش نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ منگل کو ڈھاکا میں عبوری حکومت کی جانب سے کیا گیا جس کی سربراہی نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کررہے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بنگلادیش کی عبوری حکومت کی جانب سے ملک میں مجرمانہ کارروائیوں کے پیش نظر کل 97 افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے گئے ہیں، جن میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ بھی شامل ہیں۔
ان افراد میں سے 22 پر جبری گمشدگیوں میں مبینہ ملوث ہونے کے الزامات ہیں جبکہ 75 دیگر افراد پر گزشتہ سال بنگلا دیش میں طلبہ احتجاج کے دوران قتل کے الزامات ہیں۔
یہ پیشرفت انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کی جانب سے شیخ حسینہ اور دیگر 11 افراد کے خلاف ان کی حکومت کے دوران جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل کے مقدمے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جانے کے بعد ہوئی ہے۔ٹریبونل نے ملزمان بشمول حسینہ واجد کو گرفتار کرکے 12 فروری تک پیش کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔
خیال رہے کہ حسینہ واجد گزشتہ سال شدید عوامی احتجاج کے بعد بنگلادیش سے فرار ہوکر بھارت چلی گئی تھیں۔