لاہور اور کراچی کے مجوزہ سٹیڈیمز چیمپئنز ٹرافی میچز کی میزبانی کیلئے تقریباً مکمل
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ءکی تیاریوں کا عمل پوری شدت سے جاری ہے اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کے لئے تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔
روز نامہ جنگ کے مطابق پی سی بی نے ایک باقاعدہ اپ ڈیٹ میں مداحوں، شائقین اور میڈیا کو یقین دلایا ہے کہ تمام اپ گریڈیشن کے کام شیڈول کے مطابق جاری ہیں اور مقررہ وقت سے پہلے یا وقت پر مکمل کر لئے جائیں گے۔
سہ فریقی ون ڈے سیریز کی منتقلی:قذافی اور نیشنل بینک سٹیڈیمز میں تیاریوں کی پیش رفت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے آنے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز ان دونوں مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ سیریز جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا پاکستان کے ساتھ شامل ہوں گے، اصل میں ملتان میں شیڈول تھی، یہ فیصلہ پی سی بی کے ان اپ گریڈ شدہ مقامات کی تیاری پر اعتماد اور کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لئے عالمی معیار کے تجربے کی فراہمی کی عکاسی کرتا ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں اپ گریڈیشن:قذافی سٹیڈیم کی گنجائش 35000 تماشائیوں تک بڑھا دی گئی ہے اور پورے سٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں، مزید برآں براڈ کاسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو شائقین کے لئے شاندار ویونگ کوالٹی فراہم کریں گی۔
تماشائیوں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لئے دو بڑی ڈیجیٹل ری پلے سکرینز (80 فٹ x 30 فٹ اور 22 فٹ x 35 فٹ) آئندہ ہفتے نصب کی جائیں گی۔کھلاڑیوں اور آفیشلز کی مہمان نوازی کے لئے ایک نیا انکلوژر بھی بنایا گیا ہے جو 25 جنوری تک مکمل طور پر فعال ہو گا، یہ مشہور سٹیڈیم تمام شراکت
داروں کے لئے ایک بے مثال تجربہ فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
نیشنل بینک سٹیڈیم میں اپ گریڈیشن:
نیشنل بینک سٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر بہتری کی گئی ہے، جن میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے نیا مہمان نوازی انکلوژر شامل ہے۔براڈکاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کے لئے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو عالمی ناظرین کے لئے بہترین وژیبلیٹی کو یقینی بناتی ہیں، دو ڈیجیٹل ری پلے سکرینز پہلے ہی نصب کی جا چکی ہیں اور تماشائیوں کی سہولت کے لئے 5000 نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اپ گریڈیشن:راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں معمولی بہتری کی جا رہی ہے، جس میں 10000 نئی کرسیاں نصب کرنا، مہمان نوازی بکس کی اپ گریڈیشن اور دو ڈیجیٹل ری پلے سکرینز شامل ہیں، یہ بہتریاں سٹیڈیم کو آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لئے عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے کی جا رہی ہیں۔
ٹونی ہیمنگ کی زیرِ نگرانی اپ گریڈیشن:
اپ گریڈیشن کے عمل کے دوران پی سی بی کے کیوریٹرز ٹونی ہیمنگ کی نگرانی میں میدان کو محفوظ، صحت مند اور تازہ رکھنے کے لئے محنت سے کام کر رہے ہیں، ان کوششوں کو ترجیح دینے کے لئے لاہور اور کراچی میں اپ گریڈیشن کے آغاز کے بعد سے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی گئی جبکہ راولپنڈی کی میزبانی میں آخری میچ گزشتہ سال کے آخر میں ہوا تھا۔
معیار کی یقین دہانی:پی سی بی اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پ±رعزم ہے کہ تمام مقامات آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ءاور دیگر بین الاقوامی میچز کی میزبانی کے لئے تیار ہوں، 250 سے زائد مزدور دن رات 25 جنوری کی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں اور پی سی بی کو یقین ہے کہ یہ اپ گریڈیشن
شائقین کے تجربے کو بلند کرے گی اور پاکستان کی ایک بہترین کرکٹ میزبان کے طور پر ساکھ کو برقرار رکھے گی۔