قومی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے بھارت جانے والے 2 رکنی وفد کو اٹاری بارڈر پر روک لیا گیا
نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ورلڈ ٹی 20 میں قومی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے بھارت جانے والے 2 رکنی وفد کو نامکمل دستاویزات پر اٹاری بارڈر پر روک لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں اور ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کی طرف سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کے بیان کے بعد پاکستان نے کرکٹ ٹیم سے پہلے سیکیورٹی امور کا جائزہ لینے کیلئے وفد کو بھارت بھیجا ۔
پیر کو ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور عثمان انور کی قیادت میں 2 رکنی سیکیورٹی وفد واہگہ بارڈر کراس کرکے پیدل ہی بھارت میں داخل ہوا تاہم اٹاری بارڈر پر بھارتی حکام نے انہیں نامکمل دستاویزات پر بارڈر پر ہی روک لیاجس کے بعد بھارتی وزارت داخلہ کی مداخلت کے بعد وفد کو آگے جانے کی اجازت دے دی گئی۔