ورلڈ ٹی ٹونٹی ،افغانستان نے سکاٹ لینڈ کو شکست دے دی
ناگپور (مانیٹرنگ ڈیسک )ورلڈ ٹی 20 کے دوسرے میچ میں افغانستان نے سکاٹ لینڈ کو 14 رنز سے شکست دے دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ویداربھا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں5وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بنائے ہیں ۔ ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 156رنز بنا سکی ۔ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 84 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ اوپنرز کوئٹ زر40اور منسے41رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔اس کے بعد کوئی بھی بلے باز بڑا سکور نہ کر سکا ۔میک ہن نے 36،کپتان موم سن نے 16 ،میکلوڈ نے 2 اور برینگٹن نے 8 رنز بنائے ۔افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 2 جبکہ محمد نبی اور سمیع اللہ شنواری نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
اس سے قبل افغانستان نے سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 25رنز کے مجموعی سکور پر اوپنر نور علی 17 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے۔ اس کے بعد محمد شہزاد اور اصغر ستانکزئی نے 82 رنز کی جار حانہ شراکت داری قائم کی۔محمد شہزاد 39 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ تیسرے آوٹ ہونے والے بلے باز گلاب دین تھے جو صرف 12 رنز بنا سکے ۔کپتان اصغر ستانکزئی نے 55،شفیق اللہ نے 14جبکہ محمد نبی نے صرف1رن سکور کیا ۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے واٹ ،ڈیوے اور ایونز نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا ۔