پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ خلائی مشن چاند پر پہنچ گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ خلائی مشن آئی کیوب چاند کے مدار میں کامیابی سے پہنچ گیا۔
روزنامہ امت نیوز کے مطابق چانگ ای 6 مشن نے پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کو کامیابی سے چاند کے مدار میں پہنچا دیا۔ آئی کیوب قمر کی ڈپلائمنٹ کے بعد ایس او پیز کے مطابق تمام ذیلی سسٹمز کا جائزہ لیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کے آپریشنل ہونے سے پہلے تمام ذیلی نظاموں کی تصدیق میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، جس کے بعد آئی کیوب قمر سے چاند کی پہلی تصویر 15 یا 16 مئی تک موصول ہو نے کا امکان ہے۔چانگ ای 6 مشن چاند کی کشش ثقل کے زیر اثر قمری مدار میں داخل ہو چکا ہے اور اگلے مرحلے میں چانگ ای 6 کے لینڈر اور اسینڈر کو چاند کے جنوبی قطب کی عقبی جانب لینڈ کروایا جائے گا۔ اس کے بعد مین لینڈر چانگ ای 6 مشن سے یکم جون کو علیحدہ ہو جائے گا، جس کے بعد 2 جون کو چانگ ای 6 مشن قمری سطح سے مٹی اور چٹانوں کے سیمپلز جمع کرے گا۔