تحریک انصاف کو سمجھنے کی ضرورت ہے الیکشن امریکہ میں ہوئے ہیں میاں چنوں میں نہیں : دانیال چودھری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ ہم اُمید رکھتے ہیں امریکہ کے ساتھ ہمارے معاملات بہتری کی طرف جائیں گے، یہ ٹرمپ کے پاس جائیں یا کسی اور کے پاس بالآخر انہیں ریلیف پارلیمان سے اندرونی سیاست سے ملے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اپنا اتحادی تحریک انصاف کی پالیسز کی وجہ سے اس وقت انڈیا کو منتخب کیا تھا۔تمام سرمایہ کاری انڈیا میں چلی گئی تھی ،تحریک انصاف کو سمجھنے کی ضرورت ہے الیکشن امریکہ میں ہوئے ہیں میاں چنوں میں نہیں۔حکومت اور ادارے اس معاملے میں کلیئر ہیں کہ ہماری اندرونی سیاست میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتا۔
میزبان کے سوال آپ کہتے ہیں سیاستدان کو ریلیف پارلیمنٹ سے ملے گا جب کہ پنجاب کے ایم این اے حاجی امتیاز اور سابق ایم این اے چودھری اعجاز کی اہلیہ ہیں جو در در کی ٹوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور میڈیا پر چیخ و پکار کر رہی ہیں۔ جواب میں بیرسٹر دانیال نے کہا کہ ہم خود ان چیزوں کے شکار رہے ہیں اور اس کی روایت تحریک انصاف کے لیڈر نے رکھی تھی، یہ چیزیں پارلیمان میں بیٹھ کر حل ہوں گی۔