خیبرپختونخوا : نوجوانوں کیلئے قرضوں کے آن لائن پورٹل اور انٹرن شپ کا اجراء
پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے نوجوانوں کو بااختیار اور باروزگار بنانے کےلیے احساس نوجوان سکیم کے تحت قرضوں کے آن لائن پورٹل کا اجراءکردیا۔
سکیم کے تحت نوجوان آسان شرائط پر قرضوں کے لیے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں، "نوجوان پروگرام" 3 سالہ منصوبہ ہے جس پر تین ارب روپے لاگت آئے گی، بینک آف خیبر کے اشتراک سے 1 ارب روپے کی لاگت سے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔
منصوبے کے مطابق 18 سے 35 سال تک کی عمر کے 3سے5 نوجوانوں پرمشتمل کلسٹرز کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے، قرضے کی واپسی کے لیے 8 سالوں پر مشتمل آسان شیڈول رکھا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے نوجوانوں کے لئے چیف منسٹر یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا بھی اجراء کردیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا وژن ہے قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، جو لوگ اپنا گھر نہیں بنا سکتے ہم نے احساس کیا کہ انہیں گھر بنا کر دیں، مخدوش مالی صورتحال کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو درجہ چہارم کی نوکری نہیں بلکہ اپنے کاروبار دینا ہے، آئیڈیاز لوگ لائیں گے مواقع حکومت دے گی اور اس طرح آگے بڑھیں گے۔