الأقصر شہر دریائے نیل کے مشرقی کنارے آباد ہے، بازار وں میں قاہرہ کی طرح یہاں بھی جعلی اشیاء کا کاروبار عروج پر تھا، ٹریفک بھی زیادہ نہیں تھی
مصنف: محمد سعید جاوید
قسط:55
جہاز نے الأقصر شہر کا ایک چکر لگایا اور آہستگی سے رن وے پر اتر گیا اور خراماں خراماں ایئرپورٹ کی عمارت کی طرف چلا۔ یہ ایک چھوٹا سا ایئرپورٹ تھا جہاں سارے دن میں چند ہی پروازیں آتی تھیں اور وہ بھی زیادہ تر غیر ملکی سیاحوں کے لیے ہوتی تھیں۔ میں نے اپنا بیگ اٹھایا اور دوسرے سیاحوں کی تقلیدمیں اکلوتے ہال میں آ پہنچا۔ وہاں بے شمارگائیڈ اور ایجنٹ ہاتھوں میں مطلوبہ مہمانوں کے ناموں کے پلے کارڈ لئے ایک قطار میں کھڑے تھے۔ جیسے ہی مسافر ہال میں سے باہر نکل کر وہاں پہنچتے، وہ ان کا نام پکار کر اشارے سے اپنے کارڈ کی طرف متوجہ کرتے۔ میں بھی ان کے سامنے سے گزرا لیکن میری آواز نہ پڑی اور میں چلتا ہی گیا۔ قطار کے آخر میں ایک نوجوان کھڑا تھا جس کے ہاتھ میں پکڑے ہوئے پلے کارڈ پر عربی اور انگریزی میں ”ا لسّید جافید“ لکھا ہوا تھا۔ انہوں نے میرے نام کا بھی حشر نشر کر دیا تھا۔ کوئی اور ہوتا تو کبھی بھی ڈھونڈ نہ پاتا لیکن میں ان چھوٹی موٹی مصری اٹھکیلیوں سے خوب واقف تھا، اس لئے اپنا نام پہچان کر میں اس کے پاس چلا آیا۔ اس نے اپنا نام بتا کر تعارف کروایا اور انتہائی گرم جوشی سے مجھے اہلاً و سہلاً کہا اور اپنے ساتھ آنے کو کہا۔
باہر ایک نئے ماڈل کی گاڑی کھڑی تھی۔ ہم اس میں بیٹھ کر اپنے ہوٹل کی طرف روانہ ہوئے جہاں میرا کمرہ بک تھا۔ضروری کاغذی کارروائی ہوئی اور مجھے ہوٹل کی دوسری منزل پر ایک کمرہ الاٹ کر دیا گیا۔
دن کا ابھی کچھ نہیں بگڑا تھا، ابھی صرف گیارہ ہی بجے تھے اور ایک پہاڑ جیسا دن میرے سامنے پڑا تھا۔ اس کو کمرے میں بیٹھ کر ضائع کرنے کے بجائے میں نے مناسب سمجھا کہ فوراً ہی باہر نکل لیا جائے۔ کچھ ایسا ہی خیال میرے راہبر یعنی گائیڈ کا بھی تھا۔ جو قاہرہ والے عبدو سے ذرا مختلف اور قدرے باتونی بھی تھا۔ وہ تھوڑی تھوڑی دیر بعد اپنی ہی کسی بات پر قہقہہ لگاتا اور اس کو مزید خوشگوار بنانے کے لئے مجھ سے میرا ہاتھ طلب کرکے اس پر اپنا ہاتھ مارتا تھا اور پھر بڑی دیر تک تنہا ہی خوش ہوتا اور ہنستا رہتا تھا۔ اس نے اپنا بھلا سا نام بھی بتایا تھا جو اب تیس سال بعد ذہن سے نکل گیا۔ چلیں ہم ایسا کرتے ہیں کہ اس کو احمد کہہ لیتے ہیں کیونکہ بے نام شخص کو ساتھ لے کر چلنا ذرا سادشوار ہوگا۔
اس نے سیر کا آغاز ہی ایک تانگے سے کیا اور مجھے اس پر بٹھا کر الأقصر شہر دکھانے نکل کھڑا ہوا۔ اس کا پروگرام تھا کہ ابھی اس چھوٹے سے شہر کو گھوم پھر کر دیکھ لیا جائے اور پھر شام کو وہ مجھے یہاں کے عجائب گھر اور سلطنت فرعونیہ کے پایۂ تخت تھبیس اور وہاں کے سب سے بڑے کرناک مندر لے جائے گا اور پھر رات کو اسی مندر میں ہم مشہور زمانہ ساؤنڈ اینڈ لائیٹ شو بھی دیکھ لیں گے۔ پھر اگلے دن سے وہ مجھے باقاعدہ اہم تاریخی مقامات کی طرف لے جائے گا،جو دریائے نیل کے دوسری طرف تھے۔
اس وقت الأقصر ایک عام اور چھوٹا سا شہر تھا۔ جو دریائے نیل کے مشرقی کنارے پر آباد تھا۔وہاں ایک مرکزی شاہراہ تھی جس کے اردگرد ہر طرح کے روایتی مصری بازار تھے جن میں عام ضروریات کی اشیاء کے علاوہ سیاحوں کی دلچسپی کی چیزیں اور نوادرات بھی موجود تھے۔ فرعون بادشاہوں اور ملکاؤں کے خوبصورت مجسموں کے علاوہ ان کی مشہور عمارتوں کے ماڈل بھی تھے۔ قاہرہ کی طرح یہاں بھی جعلی اشیاء کا کاروبار عروج پر تھا۔ ٹریفک بھی کوئی اتنی زیادہ نہیں تھی۔ بس چند ہی لوگ سڑکوں پر آ جا رہے تھے۔ (جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں