پنجاب : مزید 19 شہروں میں سیف سٹی منصوبے کی توسیع کی منظوری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب حکومت نے مزید 19 شہروں میں سیف سٹی کیمرے لگانے کی منظوری دے دی۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق 19 شہروں میں لودھراں، بہاولنگر، جہلم، وہاڑی، لیہ، تونسہ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ و دیگرشامل ہیں، 19 شہروں میں 5 ہزار سے زائد کیمروں کی تنصیب کی جائے گی، تمام شہروں کے کیمروں کی سینٹرلائزاڈ مانیٹرنگ ہیڈ کوارٹر سے ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ لاہور کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں کے کیمروں سے مانیٹرنگ کے لئے اضافی ویڈیو وال بنائی جائے گی، کیمروں کی نیٹ ورکنگ پر سوا 5 ارب روپے کے اخراجات آئیں گے، جون 2025 تک 19 شہروں میں کیمروں کی تنصیب کرلی جائے گی۔
سیف سٹیز حکام کا مزید کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں شیخوپورہ، راولپنڈی، سیالکوٹ، گجرات، مریدکے اور گوجرانوالہ سمیت اٹھارہ شہروں میں کیمروں کی تنصیب کی جارہی ہے، متعدد شہروں میں کیمرے فعال ہوچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ کو رواں سال میں مکمل کرکے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کردیا جائےگا۔