دورۂ متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے 13 نومبر سے 8 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والے 50 اوورز کی سہ فریقی سیریز اور اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کے آخری ایڈیشن میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کرنے والے سعد بیگ کو 29 نومبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دورہ متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کپتان سعد بیگ ، عبدالسبحان ، علی رضا ، فہم الحق، فرحان یوسف، ہارون ارشد ، حسن خان ، محمد احمد ، محمد حذیفہ ، محمد ریاض اللہ ، نوید احمد خان ، شاہ زیب خان ، طیب عارف ، عمر زیب اور عثمان خان پر مشتمل ہو گا۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے 120 کھلاڑیوں میں سے 15 رکنی اسکواڈ کو منتخب کرنے کے لیے ٹرائلز اور سلیکشن میچز کا انعقاد کیا تھا۔
سعد بیگ کی قیادت میں ٹیم 50 اوورز کی سہ فریقی سیریز میں شرکت کے لیے 9 نومبر کو لاہور سے متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوگی، جہاں وہ 13 نومبر کو افتتاحی میچ میں میزبان متحدہ عرب امارات کا مقابلہ کرے گی۔ ٹورنامنٹ ڈبل لیگ فارمیٹ پر کھیلا جائے گا جس کا فائنل 26 نومبر کو کھیلا جائے گا۔50 اوورز کے انڈر 19 ایشیا کپ میں، پاکستان انڈر 19 کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے اور وہ ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں 30 نومبر کو بھارت سے مقابلہ کرے گی جس کے بعد دو اور چار دسمبر کو اس کا مقابلہ متحدہ عرب امارات اور جاپان سے ہوگا۔ سیمی فائنلز چھ دسمبر کو اور فائنل آٹھ دسمبر کو ہوگا۔