ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
آپ ان دنوں جن مشکلات کا شکار ہیں، اس میں سے نکلنے کا بحکم اللہ وقت آ گیا ہے۔ آپ جس بھی کام میں اب اللہ کا نام لے کر ہاتھ ڈالیں گے وہ ہو جائے گا اور آپ کی مالی صورتِ حال حیران کن طریقے سے بہتر ہو سکے گی ۔جو لوگ روزگار کو لے کر پریشان تھے، ان کے لئے اب کوئی نیا سلسلہ بن سکتا ہے اور گھر میں بھی جاری کشیدگی کا بحکم اللہ خاتمہ ہوجائے گا۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
جس مسئلے نے آپ کے نام میں دم کیا ہوا تھا۔ اللہ نے چاہا تو وہ اب حل ہو جائے گا اور راستے کی جو رکاوٹیں ہیں وہ ختم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ اب صورتِ حال تیزی سے بہتر ہو کر آپ کے حق میں ہو جائے گی۔ آپ کو اب اپنی بلاک رقم کی واپسی بھی ممکن ہوگی اور غیر متوقع طور پر روزگار کا سلسلہ بھی اچھا ہوتا چلاجائے گا ، اب آپ کے دن بدلنے والے ہیں۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
ایک جگہ سے ایک عرصہ دراز سے فائدہ حاصل نہیں ہو رہا تو کوششیں کرکے اپنی جگہ بدلنے کی کوشش کریں۔ اس سے برکت حاصل ہو گی اور آپ جو برسوں سے پریشان تھے، وہ معاملات بھی حل ہو جائیں گے۔ ان دنوں بے روزگار افراد کے لئے بھی خوشخبری ہے اورجو روزگار کے لئے سفر کرنا چاہتے تھے ان کا مسئلہ بھی حل ہوگا ، اس کام میں آسانیاں ہو رہی ہیں۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
جس طرح آپ نے دن گزارے ہیں آپ کی ہمت ہے۔ اب ان شاءاللہ صورتِ حال بدل کر آپ کے حق میں ہو رہی ہے اور آپ کے لئے صاف راستہ کھلنا شروع ہو گیا ہے ۔جو لوگ اپنا کام شروع کرنا چاہتے ہیں،و ہ بسم اللہ کریں ؛ البتہ شراکت داری سے گریز کریں ، اس میں مسئلہ ہے اور جس گھریلو مسئلے نے پریشان کر رکھا تھا وہ دو تین یوم میں حل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
ایک اہم ذمہ داری کا بوجھ اب برداشت کرنا پڑے گا۔ آپ کی مشکل ابھی چند دن چلے گی۔ اس لئے صبر سے کام لیں ،ان شاءاللہ جلد اس سے نکل جائیں گے۔ جو لوگ اپنے روزگار کو لے کر پریشان تھے،اب ان کے لئے خوشی کی خبر ہے۔ ان کو اب نیا سلسلہ بنتا ہوا دکھائی دے گا جس بات کا خطرہ محسوس کر رہے ہیں وہ اب ٹل چکا ہے۔ اب فکر کی کوئی بات نہیں۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
ان دنوں آپ کی مالی پوزیشن میں خاطر خواہ بہتری آنے کا امکان ہے اور جو لوگ عرصہ دراز سے اپنے کام یا روزگار کی کوشش میں لگے ہوئے تھے،ان کو اللہ پاک اب ضرور آسانیاں فراہم کرے گا۔ اب وہ مسئلہ بھی حل ہوگا جو سالوں سے سر پر بوجھ کی طرح پڑا ہوا تھا۔ آپ اگر موجودہ جگہ بدلنے کے لئے سنجیدہ ہیں تو اس کا بھی اب کوئی نیا راستہ نکل سکتا ہے۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
زیادہ پریشان نہ ہوا کریں۔ توکل سے کام کیوں نہیں لیتے، اللہ ہے نا۔ پھر مشکل کیسی۔ ان دنوں آپ کی ذہنی پریشانی بہت زیادہ ہے ۔ لگتا ہے جیسے دوسروں کا بوجھ بھی اپنے سر پرسوار کئے ہوئے ہیں۔ اس سے باہر نکلیں اور صرف اپنے پر توجہ دیں۔ اپنوں کے ساتھ فاصلہ رکھیں ورنہ ان کے ساتھ بلاوجہ اختلافات بڑھ سکتے ہیں جو ایک لڑائی میں بدل جائیں گے، خیال رہے۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
اب بھی دل کے معاملات سے باہر نہیں نکلے تو مشکل ہو جائے گی۔ آپ کو چاہیے کہ آپ تمام فضول کاموں اور دل لگی جیسے معاملات کو چھوڑ دیں اور خاص طور پر روزگار کو دیکھیں جس میں آپ کے لئے بحکم اللہ اب کافی کچھ ہے۔ آپ جو بھی کام اب دل لگا کر کریں گے، اس میں ان شاءاللہ بڑی برکت حاصل ہوگی اور آپ کو تمام سابقہ نقصانات کا ازالہ بھی مل جائے گا۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
اب بھی شاید آپ کا راستہ سیدھا اور صاف نہیں ہے۔ اس میں بڑے خطرات دکھائی دے رہے ہیں اور اب اگر سمجھ میں نہیں آ رہا تو استخارے کی مدد لے لیں تاکہ ساری بات سمجھ میں آ سکے اور اپنا راستہ بدلنے میں آسانی پیدا ہو سکے۔ جو لوگ عرصہ دراز سے کسی انہونی کے انتظار میں ہیں تو وہ وقت آ گیا ہے کسی وقت بھی مستقبل کے حوالے سے اہم خبر ملنے والی ہے۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
ایک بار پھر آپ کی پوزیشن کمزور دکھائی دے رہی ہے۔ ایسی حالت میں جس کام کے لئے بھی کوشش کریں گے اس میں رکاوٹ آ جائے گی اور عین موقع پر جا کر آپ کا کام خراب ہو جائے گا، اس لئے ابھی بڑا قدم اٹھانے سے گریز کریں اور اپنے تمام معاملات کا ازسرنو جائزہ لیں۔ جہاں غلطیاں ہو رہی ہیں ان کی اصلاح کریں اور سچے دل سے اللہ کے حضور توبہ بھی کریں۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
ان دنوں آپ کی دلی مراد پوری ہونے جا رہی ہے۔ آپ کافی دنوں سے جس کوشش میں لگے ہوئے تھے وہ اب کامیاب ہونے والی ہے اور آپ کی مالی پوزیشن بھی مضبوط ہوگی ۔جو لوگ عرصہ دراز سے اپنے گھریلو ماحول کو لے کر پریشان تھے،اس میں تبدیلی اور مسئلے کا بہترین حل بھی سامنے آ سکتا ہے۔ ان دنوں آپ کو اپنے آنے والے دنوں کے حوالے سے اہم فیصلے بھی کرنے ہیں۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
ایک بار پھر آپ کسی بدنظری کا شکار دکھائی دے رہے ہیں اس لئے آپ کے ہر کام میں رکاوٹیں آ رہی ہیں اور صحت کا خانہ بھی مسلسل خرابی ظاہر کررہا ہے۔ اپنی نظر اتاریں، راشن کی صورت میں صدقہ دیں اور سورئہ قلم کی آخری دو آیات صبح و شام پڑھ کر اپنے اوپر پھونک لیا کریں اورجن حسدکرنے والوں پر شک ہے ان سے دور رہنے کی کوشش کریں۔