شوال کا چاند نظر آگیا،کل پاکستان میں عید ہوگی

شوال کا چاند نظر آگیا،کل پاکستان میں عید ہوگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) شوال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے۔ کل ملک بھر میں عید ہوگی۔عید الفطر کے چاند کا اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی عبدالخبیر آزاد نے کیا۔

تفصیلات کے مطابق ماه شوال المکرم 1445ھ کا چاند دیکھنے کیلئے چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمدعبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس دفتر وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان کو ہسار کمپلیکس پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں رابطہ کے فرائض وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان سے ڈائریکٹر جنرل سید مشاہد حسین خالد نے جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے چیف میٹ سردار سرفراز ،محکمہ سپارکو سے غلام مرتضی نے ،وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔

اجلاس میں مرکزی رویت کمیٹی پاکستان کے جو اراکین شریک ہوئے جن میں مولانا حافظ عبدالغفور ، علامہ ڈاکٹرمحمد حسین اکبر، مولانا یسین ظفر، مفتی فیصل احمد مفتی راغب حسین نعیمی، قاری عبدالروف مدنی مفتی فضل جمیل رضوی، مفتی علی اصغر عطاری ، مفتی یوسف کشمیری مفتی ضمیر احمد ساجد ، پیر سید شاہد علی جیلانی مولانا عبدالمالک بروہی ، مولانا اشرف علی ہفتی قاری مہر اللہ ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی ، مولانا اسد زکریا قاسمی اور زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے ممبرانمیں مفتی محمد اقبال نعیم، مفتی عبد السلام جلالی، علامہ سجاد حسین نقوی ، مولانا ابوبکر صدیق ، مولانا ہارون الرشید بال کوئی، پیر محمد ممتاز احمد ضیاء نظامی اور دیگر علماء کرام میں پیر عمر فاروق شاہ ، مولانا قاری عابد اسرار، مولانا قاری بلال احمد گولڑوی ، صاحبزاده سید عبدالبصیر آزاد، علامہ سید مصطفی حیدر نقوی، ڈاکٹر ارشاد احمد خان عتیق اللہ مظہر، سید غلام حسین شاہ و دیگر شامل تھے ۔

اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ میں منعقد ہوئے، جس میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی۔

چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا اور کچھ مقامات پر مطلع ابر آلود بھی رہا، پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ شوال المکرم 1445ھ کے چاند کے نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں ۔

لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم شوال المکرم 1445ھ 10 اپریل 2024ء بروز بدھ کو ہوگی، مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پوری قوم اور اُمت مسلمہ کو شوال المکرم ( عید الفطر ) کا چاند مبارک ہو، اللہ تعالیٰ وطن عزیز پاکستان کو اتحاد و وحدت عطاء فرمائے ، ملک پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے آمین، اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد حرمین شریفین کے تحفظ ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام ترقی و خوشحالی ، اتحاد و وحدت، مقبوضہ کشمیر اور غزہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔