سکولوں میں جعلی انرولمنٹ روکنے کیلئے نادرا سے تصدیق کا فیصلہ
لاہور (لیڈی رپورٹر)سرکاری سکولوں میں طلباء کی جعلی انرولمنٹ کی نادرا سے تصدیق کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ فیک انرولمنٹ کے خاتمہ کیلئے جامع منصوبہ بندی لا رہے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکول، معیاری سکول" کا سلوگن لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ایسا تعلیمی ماڈل بنائیں گے کہ نجی تعلیمی اداروں کے طلباء سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلے کی خواہش کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فیک انرولمنٹ کے خاتمہ کیلئے جامع منصوبہ بندی لا رہے ہیں۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طلبہ انرولمنٹ کی نادرا تصدیق ہو رہی ہے۔ رانا سکندر حیات نے مزید بتایا کہ ایک سال بعد سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار میں واضح فرق دکھائی دے گا، اگلے سال سے پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے ایک ہزار طلبہ و طالبات کو فارن سکالرشپ پر بھیجیں گے۔