چیمپئنز ٹرافی کا فائنل لاہور سے کس ملک منتقل ہو سکتا ہے ؟ بڑا دعویٰ سامنے آ گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے بیچ میگا ایونٹ کے فائنل میچ سے متعلق مختلف خبریں گردش کرنے لگیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں شیڈول 2025 چیمپئینز ٹرافی کے فائنل کیلئے اگر بھارتی ٹیم کوالیفائی کرتی ہے تو ایونٹ کا فائنل لاہور سے دبئی منتقل کیا جاسکتا ہے۔
اگلے برس 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک ہونے والے ٹورنامنٹ کے وینیوز کی تصدیق ہوچکی ہے تاہم شیڈول کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کیونکہ بھارتی بورڈ اور حکومت اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکاری ہیں۔
تاہم امید کی جارہی ہے کہ میگا ایونٹ میں بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی، گرین شرٹس نے سال 2008 میں آخری مرتبہ بھارت کی میزبانی کی تھی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور میں طے ہے تاہم دبئی بیک اپ وینیو کے طور پر کام کرسکتا ہے، جس سے ٹیموں، میچ آفیشلز، میڈیا اور شائقین کیلئے لاجسٹک چیلنجز پیدا ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی چیمپئیننر ٹرافی پاکستان میں منعقد کرنے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ تین بڑے اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ 1996 ورلڈکپ کی میزبانی کے بعد یہ دوسرا بڑا ایونٹ ہے جس کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے، چیمپئینز ٹرافی کا آخری ایڈیشن پاکستان نے 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں اپنے نام کیا تھا اور ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانوی اخبار کی جانب سے ایونٹ کا فائنل منتقل کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔