چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرکی برطانیہ میں "مشق کیمبرین پیٹرول" میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالی پاک آرمی ٹیم سے ملاقات
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے پاکستان آرمی کی ٹیم سے ملاقات کی ۔ ٹیم نے 4 سے 13 اکتوبر 2024 کو برطانیہ میں منعقد ہونے والی "مشق کیمبرین پیٹرول" میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیمبرین پیٹرول، جسے عالمی سطح پر سب سے زیادہ چیلنجنگ فوجی مشقوں میں سے ایک کے طور پر جانا جاتا ہے،میں 143 ٹیموں نے شرکت کی۔ پاک فوج کے دستے نے غیر معمولی مہارت اور لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ چھٹا موقع ہے کہ پاک فوج کیلیے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کے وقار کو برقرار رکھنے پر ٹیم کی شاندار کامیابی کو سراہا۔
کیمبرین پیٹرول کی مشق جو کہ وسط ویلز، برطانیہ کے پہاڑی علاقے میں کی جاتی ہے، جسمانی برداشت، حکمت عملی اور ذہنی استقامت کا ایک مشکل امتحان ہے۔ یہ ٹیم ورک، قیادت، خود نظم و ضبط، ہمت اور عزم پر زور دیتی ہے جو کہ انتہائی ضروری آپریشنل منظرناموں کے تحت فوجی مہارت کے لیے معیار کے طور پر کام کرتی ہے۔