وفاقی بیورو کریسی میں مایوسی اور بے چینی ۔۔؟حیران کن تفصیلات سامنے آ گئیں
اسلام آ باد ( خصوصی رپورٹ)وفاقی بیورو کریسی میں مایوسی اور بے چینی کیوں ہے۔۔؟ اس حوالے سےاہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی بیورو کریسی اعلیٰ ترین سطح پر ایڈہاک ازم کا شکار ہے۔22ماہ گزرنے کے باوجود ہائی پاور سلیکشن بورڈ کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے گریڈ22کی 40سے زیادہ اسامیاں خالی ہیں ۔ پروموشن پالیسی کے تحت ہائی پاور سلیکشن بورڈ کے 1 سال میں2 اجلاس ہونے چاہئیں۔ ان میں وفاقی سیکر ٹری کے علاوہ آئی جی پولیس اور دیگر کیڈر کی اسامیاں شامل ہیں۔ پاکستان ایڈ منسٹر یٹو سروس کی گریڈ 22 کی13 ‘ پولیس کیڈر کی 5اور سیکر ٹریٹ گروپ کی4 اسامیاں اور انفار میشن گروپ کی1 اسامی شامل ہے۔
"جنگ " کے مطابق گریڈ22کے افسران دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پروموشن زون کے گریڈ21کے سینئر افسروں کو گریڈ22کی پوسٹوں پر عارضی چارج دے کر تعینات کیا گیا ہے تاہم ریگو لر پروموشن نہ ملنے کی وجہ سے گریڈ 21 کے سینئر افسروں میں مایوسی اور بے چینی پائی جا تی ہے۔ وفاقی سیکرٹری کا عہدہ گریڈ22کا عہدہ ہے لیکن اس وقت 41میں سےصرف 21وزارتوں کے سیکرٹری کے عہدوں پر گریڈ22کے افسر تعینات ہیں۔5وزارتوں کے سیکرٹری کے عہدے خالی ہیں اور ان کا اضافی چارج کسی دوسرے سیکرٹری کو دیا گیا ہے۔12عہدوں پر گریڈ21کے سینئر افسر تعینات ہیں۔4عہدوں پر کنٹریکٹ افسر تعینات ہیں۔ گریڈ22 میں سیکرٹری نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ فروری 2023کے بعد کسی افسر کو گریڈ 22 میں ترقی نہیں دی گئی کیونکہ ہائی پاور سلیکشن بورڈ کا اجلاس نہیں بلایا گیا ۔