پاکستان کے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا معاملہ، بھارتی میڈیا نے پھر واویلا شروع کردیا
نئی دہلی (آئی این پی)نیشنل سٹیڈیم کراچی، قذافی سٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے معاملے پر بھارتی میڈیا نے پھر واویلا شروع کردیاہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)نے ایک مرتبہ پھر ہائبرڈ ماڈل کے بعد پاکستان میں سٹیڈیمز اپ گریڈیشن کو لیکر منفی خبریں پھیلانا شروع کردی ہیں تاکہ پاکستان کا مذاق اڑایا جاسکے۔اپنے سپانسررز کی بدولت دنیائے کرکٹ کی عالمی باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر اجارہ داری قائم کرنے والے بھارتی بورڈ کے میڈیا نے خبریں پھیلانا شروع کردی ہیں کہ سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کے کام میں تاخیر کی وجہ سے چیمپئینز ٹرافی پاکستان سے منتقل کی جاسکتی ہے۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا آغاز 19 فروری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہونا ہے تاہم 8 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 15 مقابلوں کیلیے میچ کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی میزبانی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم، لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کے سپرد ہے جبکہ ایونٹ بھارتی ٹیم کی وجہ سے ہائبرڈ پر ہوگا تو 5 میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
گزشتہ برس عالمی معیار کے سٹیڈیمز بنانے کاعمل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر شروع کیا گیا تھا جسے 31 دسمبر تک مکمل ہونا تھا تاہم اب بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ 12 فروری تک سٹیڈیمز مکمل تیار نہ ہوئے تو ایونٹ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا جائے گا۔
دوسری جانب پی سی بی حکام نے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پر دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چیمپئینز ٹرافی کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کرے گا اور کسی جھوٹی افواہ پر دھیان دینے کی ضرورت نہیں ہے۔بورڈ کے اعلیٰ اہلکار نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ کچھ لوگ پروپیگنڈا پھیلا کر سوشل میڈیا پر پاکستان کی شبیہ کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان 1996 کے بعد پہلی بار کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کی تیاری کررہا ہے۔