پیپلزپارٹی کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دیگی،حکومت ابھی ملی نہیں،عمران خان کے یوٹرن شروع ہو گئے،مولا بخش چانڈیو

پیپلزپارٹی کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دیگی،حکومت ابھی ملی نہیں،عمران خان ...
پیپلزپارٹی کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دیگی،حکومت ابھی ملی نہیں،عمران خان کے یوٹرن شروع ہو گئے،مولا بخش چانڈیو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو حکومت ملی نہیں اور عمران خان کے ابھی سے یوٹرن شروع ہو گئے ہیں،قوم اپنی آنکھوں سے دیکھے گی کہ سو دن کے پلان سے سو یوٹرن سے زیادہ کچھ نہیں نکلنا، پیپلز پارٹی اور قوم کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پہلے کہا قرضہ نہیں لیں گے اب کہتے ہیں آئی ایم ایف کے قرضے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں،اِنہوں نے حکومت ملنے سے پہلے ہی نجکاری کیلئے قومی اداروں پر نظریں گاڑ دی ہیں، پی آئی اے ہو یا سٹیل ملز، پیپلز پارٹی اور قوم کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی۔ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کہ عمران خان اور ان کے اعلان کردہ وزیرخزانہ کن کے نمائندے ہیں؟جو کام نواز شریف اور اسحاق ڈار نہ کر سکے وہ عمران خان اور اسد عمر کریں گے، مقبول نعرے اور سو دن کا پلان صرف ووٹ حاصل کرنے کیلئے تھا۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ کیسے لوگ ہیں جو کہتے ہیں  کہ قوم سے کیا گیا سو دن کے پلان کے وعدے پر اب عمل نہیں ہو سکے گا،انہوں نے پہلے کہا ایم کیو ایم قاتل ہے، پھر اب کہتے ہیں ایم کیو ایم ضرورت ہے، پرویز الہیٰ کو سب سے بڑا ڈاکو اور چور کہا اب اسے سپیکر پنجاب بنا رہے ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ ان کو موقعہ ملے اور یہ کام کریں، لیکن قوم خود ان کی ادائیں دیکھے گی۔