بجلی کا بل 10ہزار آنے پرغریب شخص کی ٹرین کے نیچے آکر خودکشی
قصور(ڈیلی پاکستان آن لائن)بجلی کے زائد بل سے دلبراشتہ ہوکر تین بچوں کے باپ نے ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوٹ رادھا کشن کے رہائشی منیر کا بجلی کا بل 10 ہزار روپے آگیا، 38 سالہ منیر پہلے ہی غربت کے ہاتھوں پریشان تھا، گھر میں فاقہ کشی کی صورتحال تھی، بجلی کا بل آنے کے بعد بیوی سے جھگڑا ہوا جس کے بعد منیر اپنے چھوٹے بچے کو ساتھ لے کر سٹیشن چلا گیا۔
کوٹ رادھا کشن کے سٹیشن پر اس وقت کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ٹرین کھڑی تھی، ٹرین چلنے لگی تو تین بچوں کے باپ منیر نے بچے کو گود سے اتار کر اپنا سر پٹڑی پر رکھ دیا جس کے نتیجے میں اس کا سر دھڑ سے الگ ہوگیا۔
پڑوسیوں کے مطابق منیر انتہائی غربت میں مبتلا تھا، گھر میں فاقہ کشی تھی، اوپر سے واپڈا والوں کی طرف سے ساڑھے دس ہزار کا بجلی کا بل آگیا۔منیر کیانی سٹریٹ نئی آبادی کا رہائشی تھا۔