زیادتی کے بعد قتل ہونے والی لڑکی کا کیس 36 سال بعد حل، قاتل کے بارے میں ایسا انکشاف کہ آپ کو بھی افسوس ہوگا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ میں 36 سال قبل ہونے والے قتل کا معمہ جینیاتی ٹیسٹنگ کی ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کرلیا گیا لیکن اس کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ جس شخص نے یہ جرم سرزد کیا وہ پہلے ہی وفات پاچکا ہے۔
سی این این کے مطابق ٹریسی وِٹنی کو آخری بار اگست 1988 میں اپنے سابقہ بوائے فرینڈ کے ساتھ بحث کے بعد برگر کنگ سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت بعد، ماہی گیروں نے واشنگٹن کے شہر سمنر کے قریب ایک دریا سے اس کی لاش برآمد کی، جو ٹاکوما سے تقریباً 12 میل مشرق میں واقع ہے۔ اس وقت اس کی عمر 18 سال تھی۔
پیئرس کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق، ایک پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ٹریسی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی اور وہ گلا دبانے کی وجہ سے ہلاک ہوئی۔ ان کی موت کو قتل قرار دیا گیا۔ تحقیقات کے دوران، پولیس نے ٹریسی کے جسم سے ڈی این اے کے نمونے اکٹھے کیے، جو ممکنہ طور پر قاتل کے تھے، متعدد افراد سے تفتیش کی اور پولی گراف ٹیسٹ لیے، لیکن کوئی مشتبہ شخص شناخت نہ ہو سکا، اور کیس سرد خانے کی نذر ہوگیا۔
سنہ 2005 میں شیرف کے دفتر نے جرم کے نمونے کو ایف بی آئی کے قومی جینیاتی ڈیٹا بیس میں اپلوڈ کیا۔ تاہم کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوا۔ اس کیس کے سلسلے میں پہلی بڑی پیش رفت 2022 میں ہوئی جب نمونہ ورجینیا کی لیبارٹری پیرابون نینو لیب کو بھیجا گیا۔
چھتیس سال بعد شیرف کے دفتر نے جینیاتی ٹیسٹنگ کے ذریعے جان گِیلوٹ جونیئر کو ٹریسی کے قاتل کے طور پر شناخت کیا لیکن اس وقت تک گِیلوٹ جونیئر وفات پا چکے تھے۔ پیرابون لیب کے تجزیے نے گِیلوٹ جونیئر کی شناخت کی تصدیق کی، لیکن ان کی باقیات چونکہ جلائی جا چکی تھیں، اس لیے مزید براہ راست تصدیق ممکن نہ تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ اور قاتل ایک دوسرے کو پہلے سے نہیں جانتے تھے۔