’’ بے اولاد خاتون کو حاملہ بنائیں، 5 لاکھ حاصل کریں‘‘ بھارت میں ہونیوالا انوکھا فراڈ، گینگ گرفتار کرلیا گیا
نئی دہلی (آئی این پی)بہار پولیس نے فراڈ کا انوکھا طریقہ اپنا کر لوگوں کو لوٹنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا، اسکیم میں ملوث لوگ بے اولاد خواتین کو حاملہ بنانے کے بدلے میں مردوں کو 5 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کرتے تھے۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بہار پولس نے اس گینگ کے خلاف کارروائی کی اور ضلع نوادہ سے 3 لوگوں پرنس راج، بھولا کمار اور راہول کمار کو رفتار کرلیا۔فراڈ میں ملوث ملزمان 'آل انڈیا پریگننٹ جاب (بچوں کی پیدائش سروس)' اور 'پلے بوائے سروس' جیسے پروگراموں کی آڑ میں دھندہ چلا رہے تھے اور فون کال کے ذریعے لوگوں کو لالچ دے کر پیسے بٹور رہے تھے۔
پولیس کے مطابق دھوکہ باز مختلف ریاستوں کے لوگوں کو فون یا واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کرتے تھے اور بتاتے تھے کہ ان کا کام ایسی خواتین کو حاملہ کرنا ہے جو بچہ پیدا کرنے سے قاصر ہیں اور اس کے بدلے میں 5 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا، وہ پروسیجر کی ناکامی کی صورت میں اضافی 50 ہزار روپے دینے کی جھوٹی یقین دہانی بھی کراتے تھے۔متاثرین کی جانب سے دلچسپی ظاہر کرنے کے بعد گروہ 500 روپے سے لے کر 20 ہزار روپے تک آن لائن رجسٹریشن فیس کا مطالبہ کرتا تھا۔
گرفتار ملزمان لوگوں کو پھنسانے کے لیے سرگرم تھے، پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے 6 اسمارٹ فونز ضبط کرلیے۔کال ریکارڈ، واٹس ایپ فوٹوز، آڈیو ریکارڈنگ اور ٹرانزیکشن کی تفصیلات سمیت مجرمانہ شواہد حاصل کرنے کے بعد پولیس نے گینگ کے پورے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔