نئے تجربات سے اجتناب، ناکامی کا خوف اور بہترین کارکردگی کا اظہار، وہ عناصر ہیں جن کے باعث آپ صلاحیتوں کے اظہار کو محدود کر لیتے ہیں
مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:106
مشکل، اجنبی اورنامعلوم سرگرمیوں کو انجام دینے میں خوف پر مبنی چند عمومی روئیے اور طرزہائے عمل
اس سے پہلے مشکل، اجنبی اور نامعلوم سرگرمیوں کو انجام دینے میں خوف پر مبنی کچھ خاص رویوں اورطرزہائے عمل کے متعلق ذکر کیا جا چکا ہے۔ نئے تجربات سے اجتناب، تنگ نظری، تعصب، طے شدہ منصوبہ بندی کی پابندی، بیرونی تحفظ و سلامتی کی ضرورت، ناکامی کا خوف اور ہرقیمت پر بہترین کارکردگی کا اظہار، یہ سب عناصر وہ ہیں جن کے باعث آپ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کو محدود کر لیتے ہیں۔ آپ کے اس روئیے کا نتیجہ ذیل کی فہرست میں مذکور ہے۔ آپ اپنے روئیے اورطرزعمل کا جائزہ لینے کے لیے اس فہرست کا بطور معیار جائزہ لے سکتے ہیں:
آپ زندگی بھر صرف ایک ہی قسم کی خوراک استعمال کرتے رہتے ہیں۔ روایتی کھانوں کے بجائے غیرملکی یا نئے اورمختلف کھانے استعمال نہیں کرتے اور اپنے اس روئیے کے لیے یہ عذر اور بہانہ پیش کرتے ہیں: ”میں تو صرف گوشت اور آلو کھاتاہوں یا ”میں توہمیشہ مرغی کھاتا ہوں“ اگر خوراک اور غذا کے معاملے میں ہرایک شخص کی کچھ ترجیحات اور دلچسپیاں ہوتی ہیں لیکن پھر بھی ہمیں چاہیے کہ اس تناظر میں تنگ نظری کا مظاہرہ نہ کریں اور دیگر مختلف اور نئی غذائیں اور کھانے استعمال کرنے سے گریز نہ کریں۔ کچھ لوگ غیرملکی غذائیں اور کھانے محض اس لیے استعمال نہیں کرتے کہ وہ روایتی اور مانوس کھانوں کو ہی اپنے لیے آسان انتخاب سمجھتے ہیں اور نئے تجربات کرنے کا خطرہ مول نہیں لیتے حالانکہ یہ روایتی کھانے معدے کے لیے مضر بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔
آپ زندگی بھر صرف ایک ہی قسم کا لباس استعمال کرتے رہتے ہیں۔ آپ کبھی مختلف اور نیا لباس استعمال کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ اپنے آپ کوقدامت پرست سمجھتے ہیں اور اپنے روایتی لباس کے بجائے مختلف لباس استعمال نہیں کرتے حالانکہ یہ لباس بھی آرام دہ ہو سکتا ہے۔
آپ وہی اخبارات اور رسائل پڑھتے ہیں جو آپ کے روئیے کی حمایت کرتے ہیں۔ وہ اخبار اور رسائل کبھی نہیں پڑھتے جن میں آپ کے مخالفانہ نظریات پیش کیے گئے ہوں۔ ایک تنگ نظر اور متعصب قاری صرف اپنے نکتہ نظر کے مطابق مضامین کا مطالعہ کرتا ہے اور جیسے ہی اس کی نظر سے مخالفانہ مضمون گزرتا ہے وہ اس کا مطالعہ نہیں کرتا۔
آپ زندگی بھر ایک ہی قسم کی فلمیں دیکھتے رہتے ہیں اور صرف وہ فلمیں دیکھتے ہیں جن میں آپ کا نکتہ نظر پیش کیا گیا ہو۔ مخالفانہ نظریات اور فلسفوں پر مشتمل فلمیں آپ کی نظر میں ناپسندیدہ ٹھہرتی ہیں کیونکہ اجنبی، نامانوس اور نامعلوم امور اور سرگرمیوں سے اجتناب آپ کے لیے آسان ثابت ہوتا ہے۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔