محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات نے ملک کے چند مقامات پر بارش ہونے کی پیشگوئی کر دی۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ میں شدیدگرم رہے گا، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک جبکہ تھرپارکر، مٹھی اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے سا تھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود ر ہنے کا امکان جبکہ گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی پیشگوئی ہے۔