’ ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت جیسا نظام چل رہا ہے‘ سراج الحق نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

’ ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت جیسا نظام چل رہا ہے‘ سراج الحق نے حکومت کو ...
’ ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت جیسا نظام چل رہا ہے‘ سراج الحق نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مٹیاری(ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نےکہا ہےکہ ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ بادشاہت جیسا نظام چل رہا ہے،اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے شہزادے شہزادیوں کو غریب کی نہ کوئی فکر ہے نہ ہو گی، سندھ کے عوام جاگیرداروں اور وڈیروں کے بتوں کو توڑیں اور ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذکیلئےجماعت اسلامی کاساتھ دیں،روایتی سیاسی پارٹیوں نےسندھ سمیت پورے ملک کو برباد کر دیا،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں اشیائے خوردونوش، ادویات، پیٹرول، گیس کی قیمتوں میں سو سے دو فیصد اضافہ ہوا، ملک میں ظلم بڑھا، ناانصافی بڑھی اور کرپشن کو ٹاپ گیئر لگے۔ کہاں ہے وہ مدینہ کی ریاست جس کا وزیراعظم دن رات وعدے کرتے تھے؟ یہ لوگ دھوکے باز ہیں، ان کو عوام کے مسائل کی کوئی فکر نہیں،اس ملک کے وی آئی پیز کےمحلات بیرون ملک اور ان کا پینے کا پانی تک بھی باہر سے آتا ہے،یہ وہی لوگ ہیں جنھوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا،ان حکمرانوں نے کراچی جیسے روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں میں ڈبو دیا،سندھ کے دیہاتوں اور شہروں میں غربت ناچ رہی ہے،سندھی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک کےلیےکھڑے ہوں،مرکزی اورصوبائی حکومت نےسندھ کو وسائل سےمحروم رکھا،جماعت اسلامی کو آگےلائیں،وعدہ کرتاہوں ہم آپ کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

مٹیاری میں پیر غلام مجدد سرہندی کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر ہونے والے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی نے اس امر پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا کہ حضرت مجدد الف ثانیؒ کے نواسے اپنی جماعت اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شامل ہوئے، یہ مٹیاری نہیں بلکہ پورے سندھ کے عوام کے لیے خوش خبری ہے، آنے والے دنوں میں سندھ کے غیور عوام کی بڑی تعداد جماعت اسلامی کا حصہ بنے گی اور اس ظالم نظام کو جو ملک میں دہائیوں سے رائج ہے کو چیلنج کر کے پاکستان میں نظام مصطفیﷺ کے قیام کی راہ ہموار کرے گی۔

امیر جماعت نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے بانیانِ پاکستان سے بے وفائی کی،ہم سب کے آباؤ اجداد نے قیام پاکستان کے لیے اس لیے قربانیاں دی تھیں کہ یہاں انگریز کے غلاموں کی حکومت قائم رہے؟ الیکشن چوری ہوں اور سیاسی پارٹیاں بادشاہت کے انداز میں حکمرانی کریں؟ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب متحد ہو کر اس فرسودہ سسٹم کو چیلنج کریں اور ایک پرامن اور جمہوری طریقہ سے اہل اور ایماندار لوگوں کو آگے لائیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ادارے مزید کمزور ہوئے، معیشت تباہ ہوئی اور کرپشن میں بھی اضافہ ہوا، پورے ملک کے عوام اب سٹیٹس کو پارٹیوں سے تنگ آ چکے ہیں، اب قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، لوگ جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور ان کو یہ یقین ہو چکا ہے کہ اب صرف جماعت اسلامی ہی پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال سکتی ہے، ملک میں عادلانہ نظام قائم کر سکتی ہے، صحت اور تعلیم کے سیکٹرز کو جدید بنا سکتی ہے اور عوام کے دکھوں کا مداوا کر سکتی ہے۔

دربارعالیہ مجددیہ سرہندی مٹیاری شریف کے سجادہ نشین پیر غلام مجدد سرہندی نے جماعت اسلامی میں شمولیت کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے آباؤاجداد نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا، ہم تبدیلی چاہتے ہیں، لوگ محرومیوں و مایوسی کا شکار ہیں، مخلص و دیا نتدار قیادت ہی اس کا حل ہے، مجھے جماعت اسلامی سے بڑھ کر صاف و شفاف کوئی جماعت نظر نہیں آئی، مجھے اقتدار نہیں انقلاب چاہئے۔