جی بی ایل اے 13 استور ون کے سرکاری نتائج روک دئیے گئے
گلگت (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے جی بی ایل اے 13 استور ون کے سرکاری نتائج روک دیے ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے امیدوار نے حلقے میں انتخابی مہم کے دوران رشوت کے استعمال اور پانی کے پائپ تقسیم کرنے کا الزام لگایا ہے۔دوسری طرف استور میں سرکاری نتائج جاری نہ کیےجانے پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے محمد خورشید خان 6164 ووٹ لے کر آگے جبکہ ن لیگ کے رانا فرمان علی 4899 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ سرکاری نتائج روک لینے کے بعد استور میں دو روز سے جاری پی ٹی آئی کے دھرنے میں مزید کارکنان جمع ہوگئے ہیں اور سرکاری نتائج کے فوری اجراء کا مطالبہ کر رہے ہیں۔