باپ کی بازیابی کیلئے کچے میں جانے والا بیٹا مبینہ حادثے میں جاں بحق
میرپور ماتھیلو(ڈیلی پاکستان آن لائن)کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے شہری کی بازیابی کیلئےجانے والی پولیس موبائل مبینہ طور پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں مغوی کا بیٹا جاں بحق ہوگیا۔
ہوا کچھ یوں کہ سہراب کھٹیان نامی بزرگ شہری کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کیا اور ویڈیو اہل خانہ کو بھیجی جس میں 25 لاکھ روپے تاوان ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
مغوی کے اہل خانہ نے پولیس میں درخواست دائر کی جس کے بعد پولیس آج بازیابی کیلیے مغوی کے بیٹے کے ہمراہ کارروائی کیلئے روانہ ہوئی تو پنجاب کی حدود میں محمد پناہ ترنڈہ کے قریب پولیس موبائل کو حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے نتیجے میں مغوی سہراب کا بیٹا سعید جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ نوجوان کی ہلاکت پر لواحقین نے ایس ایس پی گھوٹکی کے آفس کے باہر لاش کے ہمراہ احتجاج کیا اور واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے پولیس کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔
ورثا نے الزام عائد کیا کہ ایس ایچ او نے متوفی کی جیب سے ایک لاکھ روپے نکال لیے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کی جائے۔
اُدھر ایس ایس پی گھوٹکی نے معاملے کا نوٹس لے کر ایس ایچ او میرپور ماتھیلو قابل بھیو اور ایچ سی اعجاز گڈانی کو معطل کر کے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔