کوہاٹ، انڈس ہائی وے پر اسلحہ کی سمگلنگ ناکام ، 2بین الاضلاعی سمگلرز گرفتار

کوہاٹ، انڈس ہائی وے پر اسلحہ کی سمگلنگ ناکام ، 2بین الاضلاعی سمگلرز گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوہاٹ(بیورورپورٹ) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ہتھیاروں سے بھری گاڑی پکڑی گئی ہے ۔کاروائی میں دو بین الاضلاعی اسلحہ سمگلروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔پکڑا جانیوالا اسلحہ موٹر کار کے خفیہ خانوں میں چھپا کر درہ آدم خیل سے جنوبی اضلاع کو سمگل کیا جارہا تھا۔ہتھیاروں سے بھری گاڑی سمیت گرفتار سمگلروں کا تعلق لکی مروت اور درہ آدم خیل سے ہے جنکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔اے ایس پی صدر سرکل کوہاٹ محمد نبیل کھوکھر نے انڈس ہائی وے پر بڑی تعداد میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی اہم کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی احکامات کی روشنی میں غیر قانونی اسلحہ ومنشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی نقل وحمل کو روکنے کی غرض سے کوہاٹ شہر کو دوسرے اضلاع سے ملانے والی بین الاضلاعی روٹس اور دیگر اہم شاہراہوں پر قائم اضافی ناکہ بندیوں پر جہاں چیکنگ کا عمل بڑھا دیا گیا ہے وہی مربوط انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید فعال کردیا گیا ہے ۔اے ایس پی کے مطابق مسلسل انٹیلی جنس روابط اور چیکنگ کی کاروائیوں کے تسلسل میں ڈی پی او کوہاٹ کو ملنے والی ایک خفیہ اطلاع پر فی الفور عملدرآمد کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید انسپکٹر آصف محمود نے کانسٹیبل فیصل منان اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس دوران درہ آدم خیل سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر LWD-5032کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے اسلحے کی بھاری کھیپ برآمد کرکے قبضے میں لے لی اور موٹر کار میں سوار ہتھیاروں کے دو بین الاضلاعی سمگلروں قمر زمان ولد اختر جان سکنہ لکی مروت اور محمد الیاس ولد گلزار حسین سکنہ درہ آدم خیل حال جرما کوہاٹ کو موقع پر گرفتار کرلیا۔ اے ایس پی محمد نبیل کھوکھر نے بتایا کہ پکڑے گئے اسلحے میں 20پستول اور 20ہزار کارتوس شامل ہیں جو کہ درہ آدم خیل سے انڈس ہائی وے کے راستے جنوبی اضلاع کو سمگل کی جارہی تھی۔ اے ایس پی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر اسلحہ سمگل کرتے ہوئے پکڑے جانیوالے دونوں سمگلروں کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور انہیں مزید پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے ۔