بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کا مطالبات کیلئے مظاہرہ

بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کا مطالبات کیلئے مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے پانچ ہزار سے زائد طلبا و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے حکومت اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن حکام کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود مطالبات حل نہ ہونے پر ہزاروں طلباء و طالبات سڑکوں پر نکل آئے۔طلباء و طالبات نے گزشتہ روز اپنے مطالبات کے حق میں نیو کیمپس روڈ بلاک کر کے زبردست احتجاج کیا اس موقع پر طلبا نے اپنے مطالبات میں کہا کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سے انہوں نے ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے یونیورسٹی کا الحاق نہ ہونے پر ان کی ڈگریوں کی تصدیق نہیں کی جا رہی ہے اس سے قبل مظاہرہ میں وزیر تعلیم نے یقین دلایا تھا اور اب معاملے کے حل تک احتجاج کو ختم نہیں کیا جائے گا اس موقع پر مظاہرہ میں شامل طلباء و طالبات نے کہا کہ 28 ماہ سے انہیں ٹالا جا رہا ہے۔ حکومت ٹس سے مس نہ ہے اس موقع پر طلباء و طالبات نے کہا کہ جب تک انہیں ڈگریاں نہیں دی جاتی ہیں اس وقت تک احتجاج ختم نہیں کریں گے اور اگر حکومت نے مسئلہ حل نہ کیا تو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔احتجاجی مظاہرہ کے دوران طلباء مختلف سیاستدانوں کی آوازیں نکال کر تقاریر کرتے رہے۔






جن میں عمران خان، الطاف حسین، حمز ہ شہباز اور بلاول بھٹو زرداری کا سٹائل بنا کر ان کی آوازوں میں طلباء نے تقاریر کیں جس کو مظاہرہ میں شامل طلباء و طالبات نے زبردست سراہا۔دوسری جانب طلباء و طالبات کے احتجاجی مظاہرے کے باعث کیمپس روڈ اور اردگرد کی سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ہے اور گھنٹوں شہریوں کو مشکلات سے دو چار ہونا پڑا ہے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن طاہر یوسف نے طلباء و طالبات سے مذاکرات کئے اور خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے مسائل اپنی جگہ تاہم اس یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے مستقبل سے کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے اور ان کے مستقبل کو داؤ پر نہیں لگنے دیں گے اس پر انہوں نے طلباء و طالبات کو احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی تاہم طلبا و طالبات نے تحریری طور پر یقین دہانی تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری طاہر یوسف طلبا و طالبات کی جانب سے احتجاج ختم نہ کرنے پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور وزیر تعلیم کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ جس پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے وزیر تعلیم سے بات کر کے کل صبح مذاکرات کیلئے وقت مقرر کروا دیا ہے۔جس میں وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان سے مذاکرات کے لئے طلباء و طالبات کی دس رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور مطالبات کی یقین دہانی پر طلباء نے آج صبح 9بجے تک احتجاج ختم کر دیا ہے۔احتجاجی طلباء و طالبات نے کہا ہے کہ حکومت نے آج صبح 9بجے تک ان کی ڈگریوں کی تصدیق نہ کی تو احتجاج کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا جائے گا اور احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا اور اس میں پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔