اورسیزپاکستانی وطن عزیز کو ترقیافتہ ملکوں کی صف میں لانے کیلئے کوشاں ہیں‘ امجدبشیر

اورسیزپاکستانی وطن عزیز کو ترقیافتہ ملکوں کی صف میں لانے کیلئے کوشاں ہیں‘ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (سٹی رپورٹر)برطانوی پارلیمنٹ کے رکن امجدبشیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان خداد داد صلاحیتوں اورپاک سرزمین قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان اقتصادی ترقی میں نمایاں مقام حاصل نہ کرے، اورسیزپاکستانی وطن عزیز کو ترقیافتہ ملکوں کی صف میں لانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور نوجوانوں کو صنعت و تجارت کے ہر ممکن مواقع فراہم کرنے میں بھر پور تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے یہ بات معروف تاجر رہنما ، ایوان صنعت و تجارت کی ایگزی بیشن کمیٹی کے وائس چیئرمین محمد خورشید برلاس کی طرف سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی پارلیمنٹیرئنز، تاجرنمائندوں کے اعزاز میں استقبالیہ کے موقع پر اظہار خیال کے دوران کیا۔ سینیٹررشید گوڈیل ،ہارون دوسانی، صدر ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی شاہد سلیم،سابق سفیر شوکت مقدم، فیاض قریشی، سید امجد علی، ڈاکٹر حفیظ برلاس، طارق مغل، فہد برلاس اور دیگر شعبہ زندگی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ امجد بشیر اور ارون دوسانی نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں پذیرائی حاصل ہو گی ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم ہر سطح پر کاروبار اور تجارت کو عام کریں تاکہ ہم پاکستان کو عظیم معاشی و اقتصادی قوت بنا سکیں۔ رشید گوڈیل نے پاکستانی نژاد برطانوی تاجروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ملک کو مضبوط معاشی بنیادوں پر کھڑا کیا جائے جس کے لئے اورسیز پاکستانیوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ خورشید برلاس نے کہاکہ پاکستان کا بین الاقوامی تشخص بحال کرنے اور ملکی وقار کی سربلندی کے لئے ہر پاکستانی کو اپنا قابل فخر کردار ادا کرنا چاہیے انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن امجد بشیر ، ان کے وفد کے دیگر اراکین ، پارلمینٹیئنرز اور ایوان صنعت و تجارت کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں استقبالیہ میں شرکت کرکے پاکستان سے محبت اور استحکام پاکستان کیلئے والہانہ جذبوں کا اظہار کیا۔