وزیر اعظم نے انسانیت کومدنظررکھتے ہوئے نواز شریف کوباہر جانے کی اجازت دی، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے انسانیت کومد نظر رکھتے ہوئے نواز شریف کوباہر جانے کی اجازت دی ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کے معاملے کو انسانیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دیکھاہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے رشتے کا نام سیاست ہے اور سیاست کا نام انسانیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر فیصلہ کرنے سے پہلے کابینہ سے مشاورت کرتے ہیں اور سب کی رائے سنتے ہیں اور رائے سننے کے بعد جو رائے اکثریت میں ہو اس کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں ۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ 14ممبرز کے بورڈ ز کی سفارشات کو کابینہ کے ساتھ شیئر کیا گیا اور نیب کی ملزم کے بارے میں رائے بھی کابینہ کے سامنے رکھی گئی ۔ فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ ساری بحث کے بعد جب وزیر اعظم نے ووٹنگ کروائی تو کابینہ کی اکثریت نے نواز شریف کے باہر جانے کی حمایت کی اور کہا کہ کسی کی انسانی جان کو علاج نہ ہونے کے باعث کوئی خطرہ درپیش ہوتاہے تو ہم کو انسانی ہمدری کی بنا پر اجازت دینی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ایک بات پر سب نے اتفاق کیاہے کہ نواز شریف کو غیر مشروط جانے کی اجازت نہیں دینی چاہئے بلکہ قانونی طور پر سکیورٹی بانڈز لیکر پابند کرنا چاہئے اور وقت کی بھی پابندی ہونی چاہئے ۔