سکرنڈ میں چلتی بس سے گر کر خاتون جاں بحق
بنیظرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ سندھ کے شہر سکرنڈ میں چلتی بس سے گر کر ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق یہ بس پنجاب سے کراچی جا رہی تھی۔ راستے میں سکرنڈ کے قریب 55سالہ خاتون چلتی بس کی کھڑکی سے سڑک پر گر گئی اور موقع پر ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔
زرینہ نامی اس خاتون کی میت سکرنڈ ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ خاتون کے بیٹے دلاور نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈرائیور لاپروائی سے بس چلا رہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ ہوا۔ حادثے کے وقت ڈرائیور تیزرفتاری میں ایک اور بس کو اوورٹیک کر رہا تھاجب اس نے یک دم بریک لگائی جس سے سیٹ پر بیٹھی خاتون کھڑکی سے باہر جا گری۔ حادثے کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہو گیا۔