ایپکا ملازمین کی ترقیاں التواء کا شکار ، ایجوکیشن اتھارٹی کیخلاف احتجاج کا فیصلہ

ایپکا ملازمین کی ترقیاں التواء کا شکار ، ایجوکیشن اتھارٹی کیخلاف احتجاج کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)نئی بننے والی سکول ایجوکیشن اتھارٹی کی وجہ سے گریڈ 11اور 14کے درجنوں ملازمین کی پرموشنز التواء کا شکار ،سابقہ ای ڈی او فنانس طارق چانڈیو اور موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق رفیق پرموشنز میں التواء کے ذمہ دار ہیں ایپکا پنجاب نے اتھارٹی کے خلاف احتجاج کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ،سکول ایجوکیشن اتھارٹی ختم کر کے پرانا نظام بحال کیا جائے ۔آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کا مطالبہ ٓائندہ ہفتے اجلاس طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن اتھارٹی اپنے قیام سے لے کر اب تک ملازمین ،اساتذہ اور سائلین کے لئے درد سر بنی ہوئی ہے۔مینجمنٹ لیول پر چھ ڈسڑکٹ ایجوکیشن آفیسرز میں سے تین کی سیٹیں ختم کرنے سے سیکڑوں ملازمین اپنے روزگار او آئندہ تنخواہوں کے نہ ملنے سے پریشان ہیں تو دوسری طرف نئی اتھارٹی میں اختیارات کی مبہم تقسیم کی وجہ سے ملازمین کی پرموشن التواء کا شکار ہو گئی ہیں ۔

جس کی وجہ سے درجنوں ملازمین سخت مایوسی کا شکار ہیں ایپکا کے صدر سلطان گجر نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی نے پچھلے سال نومبر میں گریڈ14اور 16کے ملازمین کی پرموشنز کے لئے باقاعدہ منظوری دے دی تھی لیکن سابقہ ای ڈی او فنانس طارق چانڈیو اور نئی اتھارٹی میں بننے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق رفیق کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے درجنوں ملازمین کی پرموشنز روک کر ان سے ناانصافی کی جا رہی ہے ۔ ایپکا کے جنرل سیکرٹری ندیم شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے حق کے لئے لڑنا آتا ہے،پرموشنز ملازمین کا حق ہے اور ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں اگر انتظامیہ نے یہی روش اپنائے رکھی تو ہم دفاتر کی تالہ بندی سمیت احتجاج کے مختلف آپشنز استعمال کریں گے ۔