لاس اینجلس آتشزدگی، ایک وقت میں 60 ہزار لیٹر پانی گرانے والے سپر سکوپر طیارے کیا ہیں؟
لاس اینجلس (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں آتشزدگی کے باعث ہونے والی تباہی کے دوران، کینیڈا کے "سپر سکوپرز" نامی طیارے امدادی کارروائیوں میں سرگرم ہیں۔ یہ طیارے خاص طور پر جنگل کی آگ بجھانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ یہ طیارے پانی جمع کرنے، ضرورت پڑنے پر پانی کو فوم کے ساتھ مکس کرنے اور آگ پر سپرے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سی ایل 415 سپر سکوپر طیارے ایک وقت میں 16 ہزار گیلن (60 ہزار 500 لٹر سے زیادہ) پانی جمع کر سکتے ہیں۔ یہ زمین پر اترے بغیر کسی بھی قریبی آبی ذخیرے سے 12 سیکنڈز میں اپنے ٹینک بھر سکتے ہیں۔ یہ طیارے 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے متاثرہ علاقے تک پہنچ کر پانی ایک ساتھ یا چار مختلف دروازوں سے چھڑک سکتے ہیں، تاکہ بڑے علاقے کو کور کیا جا سکے۔
لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈیپارٹمنٹ نے کینیڈا کی کیوبیک حکومت سے دو سپر سکوپرز لیز پر حاصل کیے ہیں۔ تاہم ان میں سے ایک طیارہ دورانِ آپریشن غیر قانونی ڈرون سے ٹکرانے کے باعث گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ ٹکراؤ سے طیارے میں "مکے کے سائز" کا سوراخ ہو گیا تاہم پائلٹس نے محفوظ لینڈنگ کی۔
لاس اینجلس کی وائلڈ فائر کے نتیجے میں اب تک 24 افراد ہلاک، 12 ہزار سے زائد عمارتیں تباہ، اور ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس تباہی میں ہالی وڈ کی کئی مشہور شخصیات بھی متاثر ہوئی ہیں، جبکہ معاشی نقصان کا تخمینہ 150 ارب ڈالرز لگایا جا رہا ہے۔