دنیا بھر میں کورونا وائرس کیسز میں سب سے بڑا اضافہ
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا بھر میں کورونا وائرس کیسز میں آب بروز اتوار سب سے بڑا اضافہ ہوا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق آج دنیا بھر میں کورونا وائرس سے عالمی وبا کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
عالمی ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں ریکارڈ 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے۔ اس سے قبل جمعے کے روز 228102نئے مریض سامنے آئے تھے۔گزشتہ روز امریکہ، برازیل، انڈیا اور جنوبی افریقہ میں متاثرین میں نمایاں اضافہ ہوا۔اتوار کو متاثرین میں ریکارڈ اضافے کے بعد مجموعی تعداد 12,878,325 ہو گئی ہے۔
جب کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 568,541 ہو گئی ہے
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں اور متاثرین کی تعداد بھی وہیں سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں اب تک 135,203 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دیگر ممالک کی صورتحال کچھ یوں ہے کہ برازیل میں 72ہزار100،برطانیہ میں 44ہزار904، میکسیکو میں 35ہزار6، اٹلی میں 34 ہزار954، فرانس میں 30 ہزار سات،سپین میں 28 ہزار403، بھارت میں 22ہزار674، ایران میں12ہزار829، پیرو میں1,870 جب کہ روس میں 11,318 اموات ہوئی ہیں۔
پاکستان کی بات کی جائے تو پاکستان میں اب تک دو لاکھ 51 ہزار سے زیادہ افراد میں اس مرض کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 5265 اموات ہوئی ہیں۔ یہاں اب تک 160246 افراد اس مرض سے صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔