جعلی اسلحہ لائسنس ڈیلرز محکمہ داخلہ کے ریڈار پر آ گئے
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )جعلی و بوگس اسلحہ لائسنس ڈیلرز اور اسلحہ مرمت کرنے والے محکمہ داخلہ کے ریڈار پر آ گئے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے 19 بوگس اسلحہ ڈیلرز و مرمت کرنے والوں کی نشاندہی کر کے پابندی عائد کردی ہے۔ جعلی اسلحہ ڈیلرز و مرمت کرنے والوں کیخلاف پنجاب آرمز آرڈیننس 1965 کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے غیر قانونی و جعلی اسلحہ ڈیلرز اور مرمت کرنے والوں کے نام اور ایڈریس جاری کر دیئے ہیں۔ جعلی اسلحہ ڈیلرز میں نیشنل رائفلز کمپنی جوہر ٹاؤن لاہور، ایم ایس موکل آرمز کمپنی بیگم کوٹ شاہدرہ لاہور، انگلش آرمز کمپنی نیلا گنبد لاہور، آؤٹ ڈور سپورٹس آرمز اینڈ ایمونیشن ڈیلر مزنگ چونگی لاہور، محمد اختر پراپرٹی پاک آرمز سٹور شاہدرہ لاہور، اختر برادرز آرمز اینڈ ایمونیشن مناواں لاہور، امین برادرز آرمز اینڈ ایمونیشن راوی روڈ لاہور، ایلے برادرز اینڈ کمپنی میکلوڈ روڈ لاہور، ایم ایس شہباز محی الدین آرمز اینڈ ایمونیشن نیلا گنبد لاہور، اومیگا انٹرپرائز اینڈ کمپنی میں بلیوارڈ گلبرگ لاہور، محمد ضیاء المصطفیٰ آرمز اینڈ ایمونیشن گجرات اور الیاس اینڈ کمپنی بھمبر روڈ گجرات شامل ہیں۔ اسی طرح جعلی اسلحہ مرمت کنندگان میں اے اے آرمز ریپئرنگ ورکشاپ مین بلیوارڈ گلبرگ لاہور، انگلش آرمز کمپنی نیلا گنبد لاہور، امین علی ظفر لوئر مال لاہور، قاسم آرمز اینڈ ایمونیشن ڈیلرز ریپئرنگ ورکشاپ جی ٹی روڈ شاہدرہ لاہور، آؤٹ ڈور سپورٹس آرمز اینڈ ایمونیشن ڈیلر مزنگ چونگی لاہور، ایلے برادرز اینڈ کمپنی آرمز ریپئرنگ ورکشاپ میکلوڈ روڈ لاہور اور محمد سفیان ریپئرنگ ورکشاپ شرقپور روڈ شیخوپورہ شامل ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے واضح کیا کہ ان افراد کیساتھ اسلحے کا لین دین غیر قانونی ہوگا اور ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بوگس لائسنس پر اسلحے کی فروخت اور مرمت کرنے کے سنگین جرم میں ملوث افراد اور انکے مددگار قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔ بوگس اسلحہ لائسنس اور جعلی ڈیلرز کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب بھر کے اسلحہ ڈیلرز و مرمت کنندگان کے دستاویزات کی جانچ کر رہا ہے۔ محکمہ داخلہ نے شہریوں سے بھی اپیل کہ جعلی اسلحے کے کاروبار میں ملوث افراد کیخلاف اطلاع دیں۔