سوپر فکس ٹیپ بال کرکٹ چیمپئن شپ سیزن 3 کا میلہ ایک بار پھر سجنے کو تیار
دبئی (سپورٹس رپورٹر)ہر سال کی طرح اس سال بھی سوپرفکس ٹیپ بال کرکٹ چیمپئن شپ سیزن 3کا آغاز13 دسمبر کو ہو گا۔ 13/14/15دسمبر کو منعقد ہونے والے اس تین روزہ بین الاقوامی ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔
معروف کرکٹر ثقلین مشتاق اس سال ٹورنامنٹ کے برانڈ ایمبیسڈر ہوں گے۔ دبئی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سوپر فکس گروپ کے چئیرمین نوید احمدنےڈائریکٹر سٹریٹجک الائنس عمر فاروق ، میڈیا ڈائریکٹر ارشد انجم ، اور ڈائریکٹر فیلڈ آپریشنز سجاد عباسی اینڈ مینجمنٹ ٹیم کے ہمراہ سوپرفکس ٹیپ بال کرکٹ چیمئپن شپ سیزن 3 کے انعقاد کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوپر فکس کے چئیرمین اور چیمپئن شپ آرگنائزر نوید احمد نے میڈیا کو بتایا کہ اس سال چیمپئن شپ کے برینڈ ایمبیسڈر معروف پاکستانی کرکٹر ثقلین مشتاق ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے دو سیزنز میں کرس گیل اور شاہد خان آفریدی ، برانڈ ایمبیسڈرز تھے، جبکہ اس سال ثقلین مشتاق کی آمد سے اس ٹورنامنٹ کی مقبولیت کااندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ مشرق وسطی میں کرکٹ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ہر سال کی طرح یو اے ای کے نیشنل ڈے کو بھرپور انداز میں مناتے ہوئے یو اے ای میں مقیم تمام کمیونٹیز کو پیغام دینا ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات میں رہتے ہوئے یہاں کے شاندار قوانین کی پاسداری کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا نمائندوں کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔
ڈائریکٹر سٹریٹجک الائنس عمر فاروق نے میڈٰیا کو ٹورنامنٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار بھی پاکستان ، بھارت، یو اے ای، افغانستان ، سری لنکا، بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک کے کھلاڑی ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں گےاورمیدان میں دس ٹیمیں ہونگی ۔ ٹورنامنٹ میں دو گروپس میں کل 23 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر اننگز میں 6، 6 اوورز کا کھیل ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بار ٹورنامنٹ فائنل کی فاتح ٹیم کے لئے 30ہزار جبکہ رنر اپ ٹٰیم کے لئے 15ہزار درہم کا نقد انعام رکھا گیا ہے۔
اس موقعہ پر میڈیا ڈائریکٹر ارشد انجم کا کہنا تھا کہ میڈیا کی کوریج کی بدولت نہ صرف یہ ٹورنامنٹ یو اے ای بلکہ پوری دنیا میں مقبول ہورہا ہے کرکٹ کے فروغ کےساتھ کمیونٹی کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ڈائریکٹر فیلڈ آُپریشنز سجاد عباسی نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاری کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سال سوپر فکس ٹورنامنٹ کی صورت میں امارات میں مقیم افراد کو بہترین تفریح کا موقع ملے گا۔ آخر میں چئیرمینُ سوپر فکس نوید احمد نے ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لئے سوپر فکس مینجمنٹ ٹیم کی کاوشوں اور انتھک محنت پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔