" پی ٹی آئی کے 4 سال میں ہر سال ریکارڈ بجٹ خسارہ ہوتا رہا, اب معاشی تباہی کے اثرات سے نکل رہے ہیں" مریم اورنگزیب کا دعویٰ
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک معاشی تباہی کے اثرات سے نکل رہا ہے۔اسلام آباد سے جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالی توآئی ایم ایف پروگرام عمران حکومت کی وعدہ خلافی کی وجہ سے معطل تھا، اپریل 2022میں ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، سابق حکومت نے جاتے جاتے خزانے کیلئے ناقابل برداشت فیول سبسڈی دی،اس کی وجہ سے قوم کو 100ارب روپے ماہانہ خسارہ برداشت کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہماری امپورٹس 80ارب اور برآمدات 31ارب ڈالر تھیں، سابق حکومت تاریخ کاسب سے بڑا 49ارب ڈالر تجارتی خسارہ اور 17.5ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دے کر گئی۔ پی ٹی آئی کے 4 سال میں ہر سال ریکارڈ بجٹ خسارہ ہوتا رہا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، ہم نے کسی صحافی کیخلاف انتقامی رویہ نہیں رکھا، وزارت اطلاعات و نشریات صحافیوں، میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبودکیلئے ا قد ا ما ت کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے جھنگ پریس کلب و جھنگ یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب میں کیا۔وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں مزید کہا 4 سال میں صحافیوں کیساتھ روا زیادتیوں کا ایک سال میں ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ وفاقی وزیر نے کہاحکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، ماضی کی حکومت نے صحافیوں پر بیشمار اور بے بنیاد مقدمات قائم کئے۔ وفاقی وزیر نے کہا ہم نے کسی صحافی کیخلاف انتقامی رویہ نہیں رکھا، وزارت اطلاعات و نشریات صحافیوں، میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبودکیلئے اقدامات کر رہی ہے۔