برطانوی پارلیمنٹ میں چینی جاسوس، خفیہ ایجنسی نے وارننگ جاری کردی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو نے اپنے ملک کی پارلیمنٹ میں ایک خاتون چینی ایجنٹ کے متحرک ہونے کی وارننگ جاری کر دی۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق ایم آئی فائیو کی طرف سے جاری کی گئی وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ کرسٹین چنگ کوئیلی نے چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی سی پی)کے موجود اور متوقع اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ رابطے قائم کیے ہیں اور چین اور ہانگ کانگ سے آنے والی فنڈنگ سے سیاستدانوں کو عطیہ بھی دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جن اراکین پارلیمنٹ کو کرسٹین چنگ کوئیلی نے چندہ دیا ان میں لیبر رکن بیری گارڈنر بھی شامل ہیں۔ انہیں کرسٹین نے گزشتہ 5سالوں کے دوران 4لاکھ 20ہزار پاﺅنڈ سے زائد رقم دی۔ اس کے علاوہ کرسٹین لبرل ڈیموکریٹ رہنما سر ایڈ ڈیوی کو بھی 5ہزار پاﺅنڈ کا عطیہ دے چکی ہے۔
برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل کا کہنا ہے کہ ”یہ وارننگ انتہائی تشویشناک ہے۔ چین کی جان بوجھ کر برطانیہ کے معاملات میں مداخلت اور اراکین پارلیمنٹ کو نشانہ بنانا پریشان کن عمل ہے۔“