عمران خان کا خاندان سے سیاسی رجوع
عمران خان کے حقیقی سیاسی گرو تجزیہ نگار حفیظ اللہ نیازی تھے حفیظ اللہ نیازی ان کے کزن پھر بہنوئی اور سب سے بڑھ کے دوست اور سیاسی گرو تھے بہت بعد میں سیاسی گروؤں کا ایک گروہ ان کے ارد گرد جمع ہوگیا اگر عمران خان کی ابتدائی سیاسی زندگی کو دیکھا جائے تو وہ ایک متحمل اور شائشتہ سیاستدان تھے یہ دوسری بات ہے کہ حفیظ اللہ نیازی خود ایک انتہائی جذباتی آدمی ہیں اور یہ ان کی خاندانی خوبی ہے یہ لوگ واقعی بہت جذباتی ہیں اور کھل کر اظہارِ کرنے پر یقین رکھتے ہیں مگر حفیظ اللہ نیازی کا زیادہ وقت لاہور میں مجیب الرحمن شامی اور جاوید ہاشمی کے ساتھ گزرا اور سیاسی سماجی تبدیلی آئی صحافتی حلقوں میں بھی شنا سائی پیدا ہوئی درحقیقت حفیظ اللہ نیازی کی یہ کل سیاسی سماجی اور صحافتی متاع تھی جو انہوں نے عمران خان پر لٹاتے ہوئے انہیں سیاست کے میدان میں ابتدائی پزیرائی دلائی عمران خان کو ذاتی شہرت نے بھی کافی سہارا دیا مگر سیاست میں محض شہرت سے کام نہیں چلتا جب تک دیگر سیاسی لوازمات پورے نہ ہوں یہی وجہ ہے کہ سیاسی اٹھان کیلئے حفیظ اللہ نیازی نے عمران خان کو ابتدا میں جماعت اسلامی کے قریب کیا اور قاضی حسین احمد کے ذریعے انہیں آگے بڑھنے کا موقع دلایا عمران خان ایک عرصے تک جماعت کے فیصلوں کے ساتھ اپنے فیصلے آگے بڑھاتے رہے سیاست میں یہی دن عمران خان کی بہترین سیاسی تربیت کے دن تھے انہی دنوں وہ کتابوں کے ساتھ جڑے اور اپنی زندگی کو از سر نو ترتیب دیا دراصل حفیظ اللہ نیازی کی قربت و تربیت نے ہی عمران خان کو زندگی کے بعض معمولات کو بدلنے میں مدد دی عمران خان خاندانی طور پر مسلم لیگی ہیں ان کے بزرگوں کا مسلم لیگ کے ساتھ گہرا تعلق تھا اب تو وہ خود بھی اپنی والدہ اور والد کو تحریک پاکستان کا کارکن کہتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں عمران خان نے جب پہلی بار میانوالی سے شکست کھائی تو اس کی وجہ یہی تھی کہ وہ اپنی شہرت کو پہاڑ جیسی چیز سمجھتے تھے جو الیکشن میں ریت سے بھی کمزور نکلی یعنی صرف آٹھ ہزار ووٹ مگر دوسری بار الیکشن میں حفیظ اللہ نیازی اور انعام اللہ نیازی نے معاملات اپنے ہاتھ میں رکھے اور جنرل مشرف کی زبردست مخالفت کے باوجود عمران خان کو کامیاب کروایا بعد میں اس خاندان کے درمیان اختلاف پیدا ہوگئے اور مقامی سیاسی دھڑے بندی نے عمران خان کو اپنے کزنز اور سیاسی گرو حفیظ اللہ نیازی کے مخالف جا کھڑا کیا یہاں سے سیاسی مخالفت شروع ہوئی اور اس میں سب سے بڑی دراڑ اس وقت پڑی جب حفیظ اللہ نیازی کے سب سے چھوٹے بھائی سابق ایم پی اے نجیب اللہ نیازی اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے عمومی خیال تھا عمران خان ان کے جنازے میں شرکت کیلئے جائیں گے مگر عمران خان نے جنازے والے دن اپنے دھرنے میں اپنی سالگرہ کا کیک کاٹ کے اپنے کزنز کو مزید دکھ سے دوچار کر دیا اور خاندانی تعلق بھی جاتا رہا اور تقریباً پونے چار سال سے عمران خان اپنے خاندان سے کٹے ہوئے ہیں وہ میانوالی جائیں بھی تو خاندان کے کسی فرد سے نہیں ملتے اور تو اور اپنے والد اور بزرگوں کے قبرستان تک بھی کبھی نہیں گئے اب دونوں خاندانوں کے درمیان ایک بار پھر سیاسی تعلق کی ابتدا ہوئی ہے اور عمران خان نے میانوالی کے قریبی ضلع بھکر کے ضمنی الیکشن میں اپنے کزن عرفان اللہ نیازی کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے جو کہ حفیظ اللہ نیازی کے چھوٹے بھائی ہیں پنجاب بالخصوص جنوبی پنجاب میں یہ ٹکٹ موضوع بحث بنا ہوا ہے عمران خان کے آبائی ضلع میانوالی میں بطور خاص ٹکٹ کے حوالے سے بحث مباحثہ جاری ہے کہا جا رہا ہے کہ عمران خان نے سیاسی طور پر بہت سے نشیب وفراز دیکھنے کے بعد کچھ فیصلوں پر دوبارہ غور شروع کر دیا ہے مور وثی سیاست سے انکار کے باوجود وہ جماعت کے مستقبل کیلئے کچھ فیصلے کرنے جا رہے ہیں اور ان فیصلوں میں اپنے کزنز کے ساتھ دوبارہ سے خاندانی اور سیاسی رجوع ہے عمران خان نے پہلے اپنے بھانجے حفیظ اللہ نیازی کے بیٹے حسن نیازی کو اپنا چیف لیگل ترجمان بھی بنایا ہے اب عرفان نیازی کو بنا درخواست وملاقات کے ضمنی الیکشن میں ٹکٹ بھی دیا ہے اگلا مرحلہ انعام اللہ نیازی حفیظ اللہ نیازی اور سعید اللہ نیازی کو واپس لانا ہوسکتا ہے مگر نیازی برادران ابھی مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں اور گزشتہ چار سال سے پوری استقامت دکھا رہے ہیں ادھر میانوالی اور جنوبی پنجاب میں عمران خان اور ان کے کزنز کے درمیان اس رابطے کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے اگر دونوں کے درمیان صلح ہوجاتی ہے تو جنوبی پنجاب کے اضلاع کے حوالے سے عمران خان کی بہت سی سیاسی مشکلات حل ہوسکتی ہیں انعام اللہ نیازی بطور ایم این اے اور ایم پی اے ان اضلاع میں خاصی شہرت رکھتے ہیں اور اپنے دبنگ لہجے کی وجہ سے پسند بھی کیے جاتے ہیں بہرحال لوگوں کی خواہش ہے کہ دونوں کے درمیان سیاسی سمجھوتہ نہ بھی ہو تو کم از کم خاندانی تعلق دوبارہ بحال ہونا چاہئے اور خاندانی رنجشیں ختم ہونی چاہیں۔