جسپریت بمراہ کا متبادل باؤلر بھارتی سکواڈ کا حصہ بن گیا

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ تجربہ کار تیز گیند باز محمد شامی زخمی جسپریت بمراہ کی جگہ 16 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ شامی کو ابتدائی طور پر تین ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا تاہم اب انہیں ٹورنامنٹ سے پہلے مرکزی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
دیپک چہار کے انجری کی وجہ سے باہر ہونے کے بعد انڈیا نے شریاس ایر اور روی بشنوئی کے ساتھ دو کھلاڑیوں محمد سراج اور شاردول ٹھاکر کو ریزرو میں رکھا ہے۔ تینوں کھلاڑی پہلے ہی آسٹریلیا جا چکے ہیں۔
بی سی سی آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے جسپریت بمراہ کی جگہ محمد شامی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ شامی آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں اور وارم اپ میچوں سے قبل برسبین میں سکواڈ سے رابطہ کریں گے۔