مہنگائی کے دور میں اپنی رقم کو محفوظ رکھنے کیلئے سب سے بہترین سرمایہ کاری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مہنگائی کے اس دور میں اشیاء اور سروسز کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے بینک اکاؤنٹس میں پڑی رقم کی وقعت کم سے کم تر ہوتی جا رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں رقم کو محفوظ رکھنے کی بجائے سرمایہ کاری کرنابہترین آپشن ہو سکتا ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق مہنگائی کے دور میں رئیل سٹیٹ میں سرمایہ کاری ایک محفوظ عمل ہے۔
رئیل سٹیٹ کے حوالے سے بات کی جائے تو مہنگائی کی شرح جائیداد کی قیمت پر مختلف طریقوں سے اثر انداز ہوتی ہے، مثال کے طور پر ڈویلپمنٹ کی لاگت بڑھنا اور جائیدادوں کے کرائے بڑھ جانا وغیرہ۔ اس کے باوجود مہنگائی کے دور میں رئیل سٹیٹ میں سرمایہ کاری سب سے بہتر سرمایہ کاری ہے۔
اقبال انسٹیٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز نے جائیداد کی خریدوفروخت کرنے والی فرم ’گھرانا‘ کے ساتھ مل کر ایک تحقیق کی ہے اور اس میں بھی یہی بات سامنے آئی ہے کہ پراپرٹی میں سرمایہ کاری سب سے محفوظ اور بہتر ہوتی ہے کیونکہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ جائیدادوں کی قیمت بھی بڑھتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بینک اکاؤنٹ میں رقم رکھنے کی بجائے اسے رئیل سٹیٹ میں انویسٹ کر دینا چاہیے کیونکہ جب روپے کی قدر کم ہو رہی ہوتی ہے، جائیدادوں کی قیمت بڑھ رہی ہوتی ہے۔ماہرین کے مطابق اس کے برعکس لائیو سٹاک اور پرائز بانڈز وغیرہ میں سرمایہ کاری الٹا نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔