کیا بحرین کے امیر دبئی کے دورے پر اپنے روبوٹ باڈی گارڈ کے ہمراہ پہنچے؟ انٹرنیٹ پر وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آگئی
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) حالیہ دنوں انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو بہت وائرل رہی جس میں بحرین کے بادشاہ کو اپنے دیوقامت روبوٹ باڈی گارڈ کے ساتھ دبئی ایئرپورٹ سے باہر آتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو کو لے کر سوشل میڈیا پر بہت کچھ ہنگامہ برپا ہو الیکن اب اس کی ایسی حقیقت سامنے آ گئی ہے کہ سن کر ہنگامہ کرنے والے شرمندہ رہ جائیں گے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ابتدائی طور پر یہ ویڈیو روشن ابےسنگھی نامی شخص نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی تھی۔
روشن نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ”بحرین کے بادشاہ اپنے روبوٹ باڈی گارڈ کے ساتھ دبئی پہنچ چکے ہیں۔ اس روبوٹ میں کیمرے اور پسٹلز نصب ہیں۔ ٹیکنالوجی تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور اب سیاستدان بھی ایسے روبوٹ آرڈر کریں گے۔“انڈیا ٹائمز نے جب اس ویڈیو کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیق کی تو یوٹیوب پر 2019ءکی ایک ویڈیو مل گئی جسے اٹھا کر ان روشن صاحب نے دوبارہ پوسٹ کر دیا تھا۔ اس اصلی ویڈیو سے معلوم ہوا کہ اول تو یہ ویڈیو ڈیڑھ سال پرانی ہے اور دوسرے اس میں روبوٹ کے آگے آگے چل رہا شخص بحرین کا بادشاہ نہیں ہے۔ درحقیقت 2019ءمیں ابوظہبی میں ٹیکنالوجی کی ایک نمائش ہوئی تھی جس میں اس روبوٹ کو بھی رکھا گیا تھا۔ یہ روبوٹ بہت معروف ہے جس کا نام ’ٹائٹن‘ (Titan)ہے۔ جب سے اسے بنایا گیا ہے، دنیا بھر کے لوگ اس کے بارے میں جانتے ہیں۔ اس اصلی ویڈیو میں روبوٹ کو ایئرپورٹ پر لوگوں کے ساتھ انگریزی اور عربی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔