اپنے گھر میں ایسے لوگوں کو مدعو کیجیے جو مختلف نظریات اور رویوں کے مالک ہوں، ان کیساتھ روایتی موضوعات کے بجائے نئے موضوعات پر بات چیت کیجیے
مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:110
اپنے گھر میں ایسے بہت سے لوگوں کو مدعو کیجیے جو مختلف نظریات اور رویوں کے مالک ہوں۔ ان کے ساتھ روایتی موضوعات کے بجائے نئے اور مختلف موضوعات پر بات چیت کیجیے۔
کسی بھی کام کے لیے وجہ ظاہر کرنے پر مبنی روئیے کو ترک کر دیجیے، جب بھی کوئی شخص آپ سے ”کیوں“ کا اظہا کرے، یاد رکھیں کہ ممکن ہے کہ آپ کے پاس اس سوال کا کوئی مناسب جواب موجود نہ ہو جو انہیں مطمئن کر سکیں۔ آپ اپنی مرضی کے مطابق ہر کام کر سکتے ہیں۔
بعض امور اور سرگرمیوں میں خطرہ مول لے کر نئے اور مختلف انداز میں کام کرنا شروع کیجیے جو آپ کی روایتی سرگرمیوں اور معمولا ت سے ہٹ کر ہو۔ اس ضمن میں آپ بغیر کسی منصوبہ بندی کے تعطیلات لے کر کسی ایسی نامعلوم جگہ جا سکتے ہیں جہاں آپ کو معاملات سے نبردآزما ہونے کے لیے اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا پڑے۔ کسی نئی ملازمت کے لیے انٹرویو دیں یا پھر کسی ایسے شخص کے ساتھ گفتگو کریں جس کے ساتھ آپ میل جول سے احتراز کرتے ہوں اورآپ کو نامعلوم واقعات کے رونما ہونے سے خوف آتا ہو۔ ملازمت پر جانے کے لیے ایک نیا راستہ اختیار کریں یا کسی نئے ہوٹل میں کھانا کھائیں۔
ایسی ایک سرگرمی اورمصروفیت میں حصہ لیں جو آپ کے لیے لطف اور مسرت کا باعث ہو۔ آپ کے پاس اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق کسی مصروفیت اور سرگرمی میں حصہ لینے کے لیے مناسب رقم موجود ہے اور آپ اپنی ذہنی لذت اور خوشی کے لیے اس مصروفیت اور سرگرمی میں حصہ لے سکتے ہیں۔
جب آپ کسی نئے مختلف اورنامعلوم کام اور سرگرمی سے اجتناب کی کوشش کریں تو خود سے پوچھیں: ”میرے ساتھ کیا بدترین حالات پیش آ سکتے ہیں؟“ تو پھر ممکنہ طور پر آپ یہ محسوس کرسکتے ہیں کہ نئی اور مختلف سرگرمیوں اور مصروفیات کے لحاظ سے خوف اور خطرات بھی مختلف ہوتے ہیں۔
اپنے آپ کو یاد دلاتے رہیں کہ ناکامی کا خوف، اکثر لوگوں کی طرف سے مضحکہ خیز روئیے یا ان کی طرف سے ناراضی کے اظہارپر مشتمل ہوتا ہے۔ اگر آپ ان کو اپنے روئیے کے اظہار کا موقع دے دیتے ہیں جس کا آپ سے کوئی تعلق نہیں، تو پھر آپ اپنے رویے کا جائزہ لینے کا آغاز کر سکتے ہیں اور ان کے روئیے اور طرزعمل کی پروانہیں کرتے۔ آپ اپنی صلاحیتوں کی اچھی یا بری نوعیت کو نہیں دیکھتے بلکہ آپ صرف یہ دیکھتے ہیں کہ آپ اپنی صلاحیتوں کے باعث دوسروں سے مختلف نظر آ سکتے ہیں۔
وہ کام کرنے کی کوشش کریں جن سے آپ نے ہمیشہ اس فقرے کے ذریعے اجتناب کرنے کی کوشش کی ہے ”میں یہ کام صحیح طور پر انجام نہیں دے سکتا۔“ آپ ایک شام ایک نئی تصویر بنانے میں ضائع کر سکتے ہیں۔ اگر یہ تصویر شاہکار بھی نہ تو پھر بھی آپ ناکام نہیں ہوئے، آپ نے یہ شام نہایت مسرت اور لطف میں صرف کی۔ میرے کمرے کی دیوار پر ایک تصویر لٹک رہی ہے جو ذرا بھی خوبصورت نہیں ہے۔ جو بھی ملاقاتی آتا ہے وہ اس تصویر کو دیکھنے یا اس کے بارے بات کرنے سے اجتناب کرتا ہے۔ اس تصویر کے بائیں کونے پر لکھا ہے ”ڈاکٹر ڈائر، آپ کے لیے، مجھ سے یہ تصویر زیادہ اچھی نہیں بن سکی۔“ درحقیقت یہ تصویر ایک ایسے طالب علم کی بنائی ہوئی ہے جو مصوری سے گھبراتا تھا کیونکہ بچپن میں اسے یہ بتایا گیا تھا کہ وہ اچھی تصویر نہیں بنا سکتا۔ اس طالب علم نے ایک ہفتے میں یہ تصویر مکمل کی اور اس کے ذریعے خوشی و مسرت اور لطف اندوزی کا ایک نیا ذائقہ چکھا۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔