حکومت گرلز گائیڈ کو تحفظ نہیں دےگی تو کسی اور کو کہیں گے ،جسٹس عظمت سعید

  حکومت گرلز گائیڈ کو تحفظ نہیں دےگی تو کسی اور کو کہیں گے ،جسٹس عظمت سعید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو (آج) بدھ کو طلب کر لیا،جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب حکومت گرلز گائیڈ کو تحفظ نہیں دےگی تو کسی اور کو کہیں گے تاہم بہتر ہوگا بات وہاں تک نہ لےکر جائیں۔ منگل کو جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سپریم کورٹ میں شیخ رشید کےخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا پنجاب حکومت قبضہ گروپ بن گئی ہے ؟ عدالت کا واضح حکم ہے کہ گرلز گائیڈ کی زمین پر کوئی قبضہ نہیں ہو گا لیکن عدالتی حکم کے باوجود دیوار کیوں گرائی گئی ؟ ہیلی کاپٹر اتارنے کیلئے دیوار ہی گرا دی گئی اور درخت کاٹے گئے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ گرلز گائیڈ لڑکیوں کا ادارہ ہے اور دیوار گرنے سے بچیوں کی سرگرمیاں رک گئی ہیں۔جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ پنجاب حکومت گرلز گائیڈ کو تحفظ نہیں دے گی تو کسی اور کو کہیں گے تاہم بہتر ہوگا بات وہاں تک نہ لے کر جائیں۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ بات کہیں اور تک جائے ہم آج ہی دیوار کی تعمیر شروع کر دیں گے۔جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ پنجاب حکومت آخر راولپنڈی میں کیا کر رہی ہے ؟ عدالت کو اپنے حکم پر عمل کروانا آتا ہے جبکہ کمشنر، ڈی سی اور وہ سب ملزم ہیں جن کے حکم پر دیوار گرائی گئی۔ کیا ہسپتال تک ہیلی کاپٹر کے علاوہ کوئی سواری نہیں جاتی ؟گرلز گائیڈ کی وکیل عائشہ حامد نے موقف اختیار کیا کہ لڑکیوں اور ان کی ٹرینرز کو دھمکیاں مل رہی ہیں اور گرلز گائیڈ کی تمام سرگرمیاں رک چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو عدالتی حکم سے آگاہ کیا گیا تھا تاہم شیخ رشید نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی )کو فون پر کہا کہ عدالتی حکم کی پرواہ نہیں کرو جبکہ راشد شفیق نے خود موقع پر جا کر دیوار گروائی۔سپریم کورٹ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو کل طلب کرتے ہوئے سماعت (آج) بدھ تک ملتوی کر دی۔
جسٹس عظمت سعید

مزید :

صفحہ آخر -