سیاسی مخالفین سن لیں ،اس کامیابی کے بعد بھی میں ان پر ذہنی تشدد کرتا رہوں گا :عالمگیر خان
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)این اے 243 کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار عالمگیر محسود خان نے ضمنی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی نشست کی ذمہ داری ملی، میں اپنے رب کا شکر گذار ہوں کہ اتنا بڑا اعزاز دیا،سیاسی مخالفین سن لیں ،اس کامیابی کے بعد بھی میں ان پر ذہنی تشدد کروں گا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ہم نیوز‘‘ کے مطابق این اے 243 کے غیر سرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے کامیاب امیدوارعالمگیر خان محسود نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کس نہج پہ لا کر شہر کو کھڑا کردیا گیا ہے؟عمران خان نے 30 دن میں کھارے پانی کو میٹھا کرنے کا اعلان کیا،کراچی کے لیے اعلان اس لیے کیا تاکہ وسیم اختر رونا دھونا چھوڑ دے۔انہوں نےکہا کہ وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ جو نوکریاں دی جائیں گی اس میں بڑا حصہ کراچی کا ہوگا،آج سے پہلے اعلانات صرف لاہور اور لاڑکانہ کے لئے ہوتے تھے لیکن پی ٹی آئی نے کراچی کو وفاق سے جوڑ کر سب سے بڑا تحفہ دیاہے ۔عالمگیر محسود خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھے ٹکٹ میرٹ کی بنیاد پردیا، یہ واحد حلقہ ہے جہاں نوجوانوں نے 30 سال پرانی جماعت کو شکست دی،آج سے پہلے ہم علاقائی جماعت سے مسائل کا حل چاہتے تھے اور پی ٹی آئی مخالفین ہم پر دھاندلی کا الزام لگاتے تھے۔عالمگیر محسود خان نے کہا کہ آج مخالفین کو چیلنج کرتے ہیں کہ جہاں سے چاہو، آؤ مقابلہ کرتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا ہے کہ ہم کراچی کو پیرس نہیں صرف کراچی بنائیں گے لیکن کراچی کو ایسا بنائیں گے کہ پیرس والے دیکھ کر رشک کریں گے۔انہوں نے اہلیان کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج صدر مملکت، گورنر جنرل، اٹارنی جنرل اورفنانس منسٹر سمیت آدھی وفاقی کابینہ کراچی سے ہے،کراچی والو یہ فرق ہوتا ہے، ہماری ٹیم اتنی بڑی ہوگئی ہے کہ نام بھی یاد کرنے پڑتے ہیں۔