افغانستان میں دھماکے ، فائرنگ ، 7بچوں سمیت 12شہری جاں بحق، متعدد زخمی

افغانستان میں دھماکے ، فائرنگ ، 7بچوں سمیت 12شہری جاں بحق، متعدد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کابل(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) افغانستان میں بم ، خود کش دھماکوں اورفائرنگ کے واقعات میں 7بچوں سمیت 12عام شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق افغان امن مذاکرات کا سلسلہ جاری ہونے کے باوجود ملک میں دہشت گرد حملے نہ رکے، صوبہ لغمان میں مارٹربم دھماکے سے 7بچے مارے گئے اور درجنوں زخمی ہوگئے،جاں بحق بچوں کی عمریں 15سال سے کم بتائی جاتی ہیں ،ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کی ذمہ داری اب تک کسی عسکریت پسند گروپ نے قبول نہیں کی،البتہ اس نوعیت کے حملے ماضی میں طالبان کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں، افغان طالبان نے اعلان کیا تھا وہ جلد ہی موسم بہار کے شروع ہونے پر نئے حملوں کا سلسلہ شروع کر دیں گے، حملوں کا مقصد ملک پر غیر ملکی افواج کے قبضے کا خاتمہ ہے۔ طالبان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا مذاکرات کیساتھ ساتھ ان کا جہاد بھی جاری رہے گا کیونکہ ابھی افغانستان کے ایک وسیع حصے پر غیر ملکی دستے قابض ہیں۔ادھر غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیشنل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خوست میں موٹر سائیکل پر سوار دو خودکش حملہ آور سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ۔ اس موقع پر دونوں حملہ آوروں کی بارودی جیکٹس بھی زور دار دھماکے سے پھٹ گئیں ۔ دریں اثناء ضلع تاتائی میں شادی کی تقریب کے دوران دو مسلح گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ تیرہ زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال داخل کر دیا گیا ۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
افغانستان

مزید :

صفحہ آخر -