سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو 10 سال گزر چکے لیکن دکھ آج بھی زندہ ہیں: مریم نواز
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو حرف عقیدت پیش کیا اورکہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو 10 سال گزر چکے لیکن دکھ آج بھی زندہ ہیں۔ 16 دسمبر 2014 کی سیاہ صبح ہر پاکستانی کے دل پر نقش ہے-دہشت گردوں نے 147 معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کو سفاکیت کا نشانہ بنایا۔ننھے طلباء جو علم کی روشنی سے اس ملک کے مستقبل کو روشن کرنا چاہتے تھے،درندگی کی نذر ہوگئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سانحہ 16دسمبرصرف سکول پر ہی نہیں بلکہ انسانیت، تعلیم اور پاکستان کے روشن مستقبل پر حملہ تھا۔ معصوم طلباء اور اساتذہ کی قربانی نے ہمیں یہ سبق دیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہر صورت ناگزیر ہے- اے پی ایس شہداء ہماری قوم کے ہیرو ہیں۔سانحہ اے پی ایس کے والدین اور اہل خانہ کا حوصلہ اور صبر قابل تحسین ہے۔سانحہ اے پی ایس کے 147 شہدا ءکا خواب بہتر پاکستان تھا، ہماری ذمہ داری ہے اسے حقیقت میں بدلیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کرکے ہی دم لیں گے۔