12 سالہ لڑکی پر 80 برس کے بزرگ کے قتل کے الزام میں مقدمہ درج

12 سالہ لڑکی پر 80 برس کے بزرگ کے قتل کے الزام میں مقدمہ درج
12 سالہ لڑکی پر 80 برس کے بزرگ کے قتل کے الزام میں مقدمہ درج
سورس: Pxhere

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ کے مشرقی شہر لیسٹر کے قریب پارک میں کتے کے ساتھ چہل قدمی کے دوران حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 80 سالہ بھیم سین کوہلی کے قتل کے کیس میں ایک 12 سالہ لڑکی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق لڑکی پر غیر ارادی قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ قانونی وجوہات کے باعث لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ وہ لیسٹر یوتھ کورٹ میں پیش ہوئیں، جو لیسٹر میجسٹریٹ کورٹ میں منعقد ہوئی۔
لیسٹر پولیس نے بتایا کہ اس سے قبل ایک 15 سالہ لڑکے، جو حملے کے وقت 14 سال کا تھا، کو بھیم کوہلی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اب بھی حراست میں ہے۔
بھیم سین کوہلی پر یہ حملہ ستمبر کے اوائل میں براؤن سٹون ٹاؤن کے فرینکلن پارک میں کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ واقعے کے بعد 12 سے 14 سال کے پانچ بچوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔
بھیم سین کوہلی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کی وجہ گردن کی چوٹ کو قرار دیا گیا۔ کیس کے ملزمان پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے، تاہم مقدمے کے پیش نظر کیس کی مزید تفصیلات افشا کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔