بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس دیگر مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کی ہے۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ نو مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کیلئے سازش کا الزام کا لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، دو سال سے مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں، انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔
درخواست میں عمران خان کی جانب سے استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔
خیال رہے کہ لاہور کی انسداد دہشتگردی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی 8 درخواستیں مسترد کردی تھیں ، بانی پی ٹی آئی پر لاہور میں 9 مئی کے کل 12 مقدمات درج ہیں ، عمران خان کی 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔